کرپشن کا الزام، سعودی جوائنٹ فورسز کے کمانڈر شہزادہ فہد بیٹے سمیت برطرف
ریاض(نوائے وقت رپورٹ)سعودی فرماں روا شاہ سلمان نے شاہی خاندان کے دو افراد سمیت اہم فوجی افسران کو برطرف کردیا۔عرب خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی فرماں روا نے کرپشن کے الزامات پر شاہی خاندان کے سینئر ممبران اور فوجی حکام کو ان کی ذمہ داریوں سے سبکدوش کردیا۔عرب میڈیا کا بتانا ہیکہ شاہی فرمان میں سعودی عرب کی جوائنٹ فورسز کے کمانڈر سمیت 2 انتہائی سینئر حکام کو برطرف کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق کمانڈر جوائنٹ فورسزشہزادہ لیفٹیننٹ جنرل فہد بن ترکی بن عبدالعزیز اور ان کے بیٹے شہزادہ عبدالعزیز بن فہد بن ترکی پر تحقیقات میں کرپشن کے الزامات ثابت ہونے پر برطرف کیا گیا۔عرب میڈیا کا بتانا ہے کہ دونوں افراد پر وزارت دفاع میں کرپشن کے الزامات ہیں جس پر انہیں تفتیشی حکام کے حوالے کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ وزارت دفاع کے دیگر فوجی افسران اور سویلین ملازمین کو کرپشن کے الزامات پر تفتیش کے لیے عدلیہ کے حوالے کیا گیا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق شاہی خاندان کے سینئر ممبران اور فوجی افسران کے خلاف یہ اقدام سرکاری اداروں میں کرپشن کے خلاف کریک ڈاؤن کا ایک نیا سلسلہ ہے۔عرب میڈیا کا کہنا ہیکہ سعودی حکومت نے ملک میں ہونے والے اخراجات کی مانیٹرنگ کے لیے ایک دفتر قائم کیا تھا جس سے متعلق حکومت کا کہنا تھا کہ اس دفتر کے ذریعے کرپشن کے خلاف جنگ جاری رکھنے میں مدد ملے گی۔