• news

ملک بھر میں کرکٹ سرگرمیوں کے مرحلہ وار آغاز کا فیصلہ

لاہور(نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈنے ملک بھر میں کرکٹ کی سرگرمیوں کا مرحلہ وار آغاز کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کرونا پروٹوکولز کے تحت ملک بھر میں تفریحی کرکٹ کی اجازت دیدی گئی ۔کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے پی سی بی نے پہلے مرحلے میں حکومت کی جانب سے جاری کردہ کرونا پروٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد کرتے ہوئے فی الحال موجودہ کرکٹرز کیلئے سہولیات کھولنے اور تفریحی کرکٹ (غیر پیشہ ور) کی دوبارہ بحالی کی اجازت دی ہے۔آئندہ کرکٹ سیزن کی تیاری کیلئے ایلیٹ کھلاڑیوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اس عمل کی تیاری میں پی سی بی کے میڈیکل اینڈ سپورٹس سائنسز نے صورتحال کا بغور جائزہ لیا ہے۔دوسرے مرحلے میں پی سی بی ڈومیسٹک کرکٹ سیزن سے متعلق پروٹوکولز جاری کریگا۔ پی سی بی ملک میں کرونا وائرس کی بدلتی صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہا ہے اور اس ضمن میں جب مناسب سمجھے گا پروٹوکولز میں تبدیلی کرسکے گا۔ایسے کرکٹرز جنہوں نے گذشتہ 12 ماہ کے دوران ایج گروپ، ویمنز اور مینز کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی، سابق کرکٹرز جو پی سی بی کے روزمرہ انتظامی امور میں شامل ہیں یا وہ کھلاڑی جن کا ری ہیب پروگرام جاری ہے، انہیں کروناپروٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد کرتے ہوئے ان سہولیات کو استعمال کرنے کی اجازت ہے۔پہلے مرحلے میں جو کھلاڑی بھی نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر کی سہولیات کو استعمال کرنے کے اہل ہیں، انہیں پیشگی ای میل کے ذریعے بکنگ کرانی ہوگی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان نے کہا کہ پروٹوکولز کی تیاری  ضروری تھی تاکہ  ایلیٹ کھلاڑی  بہترین اور محفوظ ماحول میں آئندہ سیزن کی تیاری کرسکیں۔  انہیں اعتماد ہے کہ یہ ٹیم کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن