17 لاکھ کے ڈاکے‘ مزاحمت پر فائرنگ سے کانسٹیبل سمیت 3 افراد زخمی
لاہور (نمائندہ خصوصی) لاہور میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ کے نتیجے میں کانسٹیبل سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے جبکہ شہر میں چوری و ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں شہریوں سے لاکھوں روپے، زیورات، موبائل فون، موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں سمیت دیگر قیمتی سامان چھین لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے کرول پنڈ شیخوپورہ کے علاقہ سے ابرار نامی شہری کی موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو گئے۔ اس دوران ہیڈ کانسٹیبل عبدالغفار نے ملزمان کا پیچھا کیا اور شاہدرہ میں ملزمان کو روک لیا جس پر نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر دی‘ جس کے نتیجے میں سینے پر فائر لگنے سے ہیڈ کانسٹیبل شدید زخمی ہو گیا اورملزمان موقع پر چھینی گئی موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہو گئے۔علاوہ ازیں پرانی انارکلی کے علاقے نیئپر چوک میں موبائل شاپ تین ڈاکوؤں نے واردات کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے دکاندار ندیم اور اس کے بیٹے نوید کو زخمی کر دیا۔ جنوبی چھاؤنی میں ڈاکوؤں نے ثاقب کے گھر سے 5لاکھ55 ہزار کی نقدی،طلائی زیورات اور دیگر سامان‘ ستوکتلہ میں ڈاکوؤں نے جاوید کے گھر سے 4لاکھ80ہزار کی نقدی، طلائی زیورات اور دیگر سامان‘ گلشن اقبال میں ڈاکوؤں نے سعید کے گھر گھس کر3لاکھ 20ہز ار کی نقدی لوٹ لئے۔ شالیمار کے علاقہ میں ڈاکوؤں نے اکبر کے گھر سے 1لاکھ 65 ہزار کی نقدی، طلا ئی زیورات اور دیگر سامان، ہربنس پورہ میں ڈاکوؤں نے علی حسن کے گھر سے 2لاکھ، زیورات اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ شادمان میں ڈاکوؤں نے عتیق سے55 ہزار کی نقدی اور دیگر سامان‘ نصیر آباد میں ڈاکوؤں نے نواز سے40 ہزار کی نقد ی اور دیگر سامان، لوئر مال میں ڈاکوؤں نے احسان سے20ہزار کی نقدی زیورات اور دیگر سامان چھین لیا۔ جبکہ فیکٹری ایریا اور مصطفیٰ ٹاؤن سے گاڑیاں اور مغلپورہ‘کاہنہ اور راوی روڈ سے موٹر سائیکلیں چوری ہو گئیں۔