وسائل سے زائد اثاثے‘ شیخوپورہ میں تعینات رہنے والے 2بھائیوں نصیر‘ کبیر خان کیخلاف نیب تحقیقات کا دائرہ وسیع‘ تنخواہوں کا ریکارڈ طلب
شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) نیب پنجاب نے ایکس پی سی ایس کیڈر کے دو افسر بھائیوں کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔ نصیر احمد خان کے بعد ان کے بڑے بھائی اور ایکس پی سی ایس کیڈر کے معروف کبیر احمد خان کی ضلع شیخوپورہ میں تعیناتی کے دورانیے کی تنخواہوں کی وصولی تک رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔ کبیر احمد خان شیخوپورہ میں 15 مئی 1974ء سے لے کر 27 مئی 1977ء تک بطور سٹی مجسٹریٹ ایکسٹرا اسسٹنٹ کمشنر تعینات رہے تھے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ کبیر احمد خان کا شمار شریف برادران کے پسندیدہ افسروں میں ہوتا تھا اور وہ ان کے دور اقتدار میں کئی برس تک مری میں بھی مجسٹریٹ اور اسسٹنٹ کمشنر تعینات رہے‘ نیب دونوں بھائیوں کے خلاف مالی وسائل سے زیادہ مالیت کے اثاثے بنانے وغیرہ کے الزامات کی تحقیقات کر رہا ہے اور ان کی تنخواہوں کا ریکارڈ نیب آرڈیننس 1999ء کی دفعہ 27 کے تحت طلب کیا گیا ہے اور اس بارے میں ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔