• news

گوجرانوالہ: مسلم لیگ  ن کے رہنماؤں‘ بلدیاتی نمائندوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے‘ دروازے توڑ دیئے 

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) اینٹی کرپشن ٹیم  نے مسلم لیگ ن کے  ایم پی اے سابق ڈپٹی میئرز اور بلدیاتی نمائندوں کے گھروں پر چھاپے مارے، گھروں کے دروازے توڑ دیئے، ایم پی اے عمران خالد بٹ اور سٹی صدر مسلم لیگ ن سابق ڈپٹی میئر پومی بٹ گھر میں موجود نہ تھے،  گرفتاریوں کے لئے انکے گھروں میں چھاپے مارے اس دوران پولیس نے ن لیگی راہنماؤں کے دروازے توڑ دیئے اور کئی پولیس اہلکار دیواریں پھلانگ کر گھروں میں داخل ہوگئے، جن رہنماؤں کے گھروں میں چھاپے مارے گئے ان میں ایم پی اے عمران خالد بٹ سابق ڈپٹی میئرز سلمان خالد پومی بٹ،رانا مقصود احمد، سابق ممبر کارپوریشن کلیم احمد بھٹی، رکن قومی اسمبلی کے پرائیویٹ سیکرٹری ناصرکھوکھرشامل ہیں، واضح رہے کہ اینٹی کرپشن میں سابق میئر شیخ ثروت اکرام، ڈپٹی میئرزسلمان خالد پومی بٹ سمیت 20رکنی کارپوریشن ممبران کمیٹی اور 3افسروں پر ایف آئی آر درج ہے جس میں الحمید پارکنگ سٹینڈ کا ٹھیکہ منسوخ کر کے کارپوریشن کو 83لاکھ روپے کا نقصا ن پہنچانے اور دیگر کارپوریشن املاک کو سستے داموں لیز پر دینے اور اختیارات کے ناجائز استعمال جیسے الزامات شامل ہیں، پومی بٹ اور ایم پی اے عمران خالد بٹ نے کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اینٹی کرپشن ٹیم کی بزدلانہ کارروائی مسلم لیگ ن کے راہنماؤں اور کارکنوں کو مرعوب نہیں کر سکتی نہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے مسلم لیگ ن کا ساتھ دینے سے روکا جاسکتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن