• news

جہلم: نائب امیر جمعیت اہلحدیث عبدالحمید مسجد کا دروازہ توڑ کر اغوا 

 لاہور (خصوصی نامہ نگار) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے نائب امیر، ممتاز عالم دین حافظ عبد الحمید جہلمی کو نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کرلیا۔ حافظ عبدالحمید جہلمی کے عزیز مولانا ابوبکر صدیق کے مطابق انہیں گزشتہ رات جہلم میں اس وقت اغوا کیا گیا جب وہ مسجد سے ملحقہ اپنی رہائش گاہ پر آرام کررہے تھے۔ رات کی تاریکی میں نامعلوم مسلح افراد مسجد کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے اور انہیں زبردستی اغوا کرکے لے گئے۔ مولانا ابوبکر صدیق کا کہنا تھاکہ واقعہ کی ایف آئی آر بھی درج کرائیں گے اور عدالت بھی جائیں گے۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے اغوا کے اس واقعہ پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور اسکی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حافظ عبدالحمید جہلمی ہماری جماعت کے سینئر رہنما اور ملک کے نامور عالم دین ہیں، ایک بے ضرر اور امن کے داعی رہنما کا اغوا ہونا انتظامیہ اورسکیورٹی اداروں کی غفلت اور لاپرواہی کا نتیجہ ہے۔ دریں اثناء مرکزی جمعیت اہل حدیث کے ناظم اعلی ڈاکٹر حافظ عبدالکریم، چیف آرگنائزر حافظ ابتسام الٰہی ظہیر نے بھی اس واقعہ کی مذمت اور فوری بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن