ایل این جی کیس: نیب نے شاہد خاقان کے خلاف ضمنی ریفرنس دوبارہ دائر کر دیا
اسلام آباد ( نامہ نگار) قومی احتساب بیورو (نیب) نے شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی ضمنی ریفرنس میں اعتراضات دور کرکے احتساب عدالت میں دوبارہ جمع کرا دیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے احتساب عدالت اسلام آباد میں ایل این جی کیس میں ضمنی ریفرنس دوبارہ دائر کر دیا۔ رجسٹرار احتساب عدالت اسلام آباد نے دستاویزات نامکمل ہونے پر ضمنی ریفرنس پر اعتراضات عائد کرکے واپس کیا تھا۔ ایل این جی کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان کے خلاف ضمنی ریفرنس میں کہا تھا کہ غیر قانونی معاہدوں سے 21 ارب کا نقصان ہو چکا ہے۔ من پسند کمپنیوں کو غیر قانونی ٹھیکوں سے 14 ارب کا فائدہ پہنچایا گیا۔ ضمنی ریفرنس کے مطابق 4 سال تک دوسرا ٹرمینل فعال نہ بنایا۔ ساڑھے 7 ارب کا نقصان ہوا۔ معاہدے سے آئندہ 10 سال قومی خزانے کو مزید 47 ارب کا نقصان پہنچے گا۔