شاہ محمود سے ڈی جی سٹریٹجک پلانز ڈویژن جنرل ندیم ذکی کی ملاقات
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) سٹرٹیجک پلانز ڈویژن کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی منج نے گزشتہ روز وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق سٹرٹیجک پلانز ڈویژن کے ڈائریکٹر جنرل نے وزیر خارجہ کو ڈویژن کی کارکردگی کے حوالے سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے سٹرٹیجک پلانز ڈویژن کے کردار کو سراہا۔ دریں اثناء نیوزی لینڈ اور آذربائیجان کیلئے نامزد پاکستانی سفرا نے گذشتہ روز وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ سے ملاقات کرنے والے ان سفرا میں نیوزی لینڈ کیلئے نامزد سفیر مراد اشرف جنجوعہ اور آذربائیجان کیلئے نامزد سفیر بلال حئی شامل تھے۔ وزیر خارجہ نے بطور سفیر نامزدگی پر دونوں سفرا کو مبارکباد دی اور کہا کہ آپ کو یہ نئی ذمہ داریاں، آپ کے شاندار سروس ریکارڈ کو پیش نظر رکھتے ہوئے سونپی گئی ہیں۔ آپ ایسے وقت میں بطور سفیر اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے جا رہے ہیں جب پاکستان کو داخلی اور خارجی طور پر بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔ پاکستانی کمیونٹی کے حقوق کا تحفظ اور ان کے مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیر خارجہ نے نئے نامزد سفرا کو پیشہ ورانہ امور اور فارن پالیسی ترجیحات کے حوالے سے خصوصی ہدایات دیں۔ دونوں سفرا نے وزیر خارجہ کی طرف سے کی گئی حوصلہ افزائی پر، ان کا شکریہ ادا کیا۔