روز ویلٹ ہوٹل کیلئے 14.20 کروڑڈالر امداد، کے الیکٹرک بجلی مہنگی کرنے کی منظوری
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے نیویارک میں پی آئی اے کی ملکیت ہوٹل روز ویلٹ کو درکار 14 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کے اجرا کی منظوری دے دی ہے۔ کے الیکٹرک صارفین کے لئے بجلی ٹیرف میں ایک روپے نو پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ اس کی سفارش پہلے سے قائم کمیٹی نے دی تھی، اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں کراچی میں کے الیکٹرک کے لئے بجلی کے ٹیرف میں 1 روپے 09 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ فیصلے کا اطلاق یکم ستمبر سے ہوگا۔ صارفین کو اکتوبر کے بجلی بل میں یہ حالیہ اضافہ شامل ہوگا، جو 2016 سے 2019 کے دوران طے شدہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔