کے الیکٹرک کیخلاف عوامی شکایات، چیئرمین نیب نے نوٹس لے لیا
اسلام آباد (نامہ نگار) چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کے الیکٹرک کیخلاف عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور اربوں روپے کی اووربلنگ پر انکوائری کی ہدایت کر دی ہے۔ چیئرمین نیب نے کے الیکٹرک کی جانب سے حکومت پاکستان سے کئے گئے معاہدوں کی پاسداری نہ کرنے پر بھی ایکشن لیتے ہوئے ان کی تفصیلات حاصل کرنے‘ نیب کراچی کو کے الیکٹرک کے خلاف تین ماہ میں انکوائری مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ دوسری جانب چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نجی ٹی وی کے معروف اینکر مرید عباس سمیت میڈیا اور دیگر افراد سے ٹائروں کے جعلی کاروبار کے نام پر عوام الناس کو پرکشش منافع کا لالچ دے کر لوٹنے، فراڈ اور دھوکہ دہی کے ذریعے مبینہ طور پر اربوں روپے لوٹنے کی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہو ئے مبینہ ملزم عاطف زمان کے خلاف نیب کراچی کو تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ چئیرمین نیب نے نیب کراچی سے اب تک کی گئی تحقیقات کی رپورٹ 7 روز میں طلب کر لی ہے۔ چئیرمین نیب نے نیب کراچی سے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار کے سامنے اور ارد گرد چائنہ کٹنگ اور کاسمو پولیٹن سوسائٹی کی طرف سے مبینہ طور پر غیر قانونی تعمیرات کے بارے میں اب تک کی گئی تحقیقات کی رپورٹ7 روز میں طلب کر لی ہے۔