جولائی 2020 کے دوران تھری اور فور جی صارفین کی تعداد میں 1.62 ملین اضافہ
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) جولائی 2020 کے دوران تھری اور فور جی صارفین کی تعداد میں 1.62 ملین اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی رپورٹ کے مطابق جولائی 2020ء کے اختتام پر صارفین کی تعداد 82.76 ملین تک پہنچ گئی جبکہ جون 2020ء کے اختتام پر ملک میں تھری اور فور جی صارفین کی تعداد 81.14 ملین ریکارڈ کی گئی تھی۔ دوسری جانب جولائی 2020ء کے دوران پاکستان میں موبائل فون صارفین کی تعداد میں0.77 ملین اضافہ ہوا ہے اور موبائل فون صارفین کی تعداد جولائی کے اختتام پر 168.04 ملین تک بڑھ گئی ہے جبکہ فون 2020 ء کے اختتام پر موبائل فون صارفین کی تعداد 167.27 ملین ریکارڈ کی گئی تھی۔ پی ٹی اے کے مطابق جون 2020ء کے اختتام پر نیکسٹ جنریشن موبائل سروس ( این جی ایم ایس) کی شرح 38.25 فیصد تھی جو جولائی 2020ء کے آخر تک 39.25 فیصد تک بڑھ گئی۔ رپورٹ کے مطابق جون کے مقابلہ میں جولائی 2020ء کے دوران جیز کے تھری جی صارفین کی تعداد میں 0.337 ملین کمی سے صارفین کی تعداد 10.817 ملین کے مقابلہ میں 10.480 ملین تک کم ہو گئی ہے جبکہ جیز کے فور جی صارفین کی تعداد جون 2020ء کی تعداد 19.062 ملین کے مقابلہ میں جولائی 2020ء کے اختتام پر 19.982 ملین تک پہنچ گئی۔ رپورٹ کے مطابق زونگ کے تھری جی صارفین کی تعداد 6.535 ملین کے مقابلہ میں 6.314 ملین تک کم ہوئی ہے۔