گوجرانوالہ:قتل کا ملزم حوالات سے فرار،نائب محرر ،ایس ایچ او معطل
گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) تھانہ احمد نگر میں ریمانڈ پرزیرحراست قتل کے مقدمہ کا نامزد ملزم حوالات سے فرار ہوگیا، مدعیوں کا پولیس پر سازباز کا الزام ایس ایس پی آپریشن نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے نائب محرر اور ایس ایچ اوکو معطل کر کے حوالات میں بند کردیا۔ ڈی ایس پی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ احمد نگر پولیس نے قتل کیس کے ملزم فیصل بٹ کو گرفتار کرکے عدالت پیش کیا اور 8 روزہ ریمانڈ حاصل کیا لیکن گزشتہ رات ملزم تھانہ سے فرار ہوگیا واقعہ کا مقدمہ ڈی ایس پی وزیر آباد شاہد وڑائچ کی مدعیت میں درج کر لیا گیا۔ ایف آئی آرکے مطابق نائب محرر قمر عباس نے ایس ایچ او کے احکامات پر ملزم فیصل بٹ کو ایس ایچ او کے حوالہ کیا۔ ایس ایچ او نے اپنے کمرہ میں ملزم کی محمد اشرف اور رانا سجاد نامی شخص سے ملاقات کروانے کے بعد الگ کمرہ میں بٹھا دیاملاقات کے کچھ ہی دیر بعد ملزم تھانہ سے فرار ہو گیا۔ دوسری جانب ایس ایس پی آپریشنز ڈاکٹر فہد احمد نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس اچ او احمد بلال اور نائب محرر کے کو معطل کر کے حوالات میں بند کر دیا ہے ایس ایس پی آپریشنز کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔