پاٹری اینڈ سرامک مینو فیکچررز کے مسائل حل کر رہے ہیں: پرویز الٰہی
لاہور( خصوصی نامہ نگار)سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے آل پاکستان پاٹری اینڈ سرامک مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے وفد نے مسلم لیگی رہنما چودھری صفدر وڑائچ کی قیادت میں اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی۔ وفد میں صدر چودھری ضمن اقبال، جنرل سیکرٹری راجہ وقاص احمد، حاجی اعظم رحمانی اور ایسوسی ایشن کے دیگر عہدیدار شریک تھے۔ ملاقات میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے۔ آل پاکستان پاٹری اینڈ سرامک مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے وفد نے سپیکر چودھری پرویزالٰہی کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ آل پاکستان پاٹری اینڈ سرامک مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مسائل فوقیتی بنیادوں پر حل کر رہے ہیں۔ پاٹری گھریلو صنعت ہے اس کیلئے گیس اور بجلی کے بلوں میں خصوصی رعایت دی جائے گی، اس سلسلے میں گیس، واپڈا، سوشل سکیورٹی اور دیگر محکموں کو پاٹری انڈسٹری سے بھرپور تعاون کیلئے ہدایات دے دی ہیں۔ چودھری صفدر وڑائچ نے کہا کہ پاٹری انڈسٹری کے دیرینہ مسائل کے حل اور اس کی بہتری کیلئے ذاتی کاوشوں پر چودھری پرویزالٰہی کے شکر گزار ہیں۔