کراچی کیماڑی آئل ٹرمینل پر آتشزدگی، 2 افراد جاں بحق، ملک بھر میں سپلائی بند
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) کراچی کے کیماڑی آئل ٹرمینل پرآگ لگنے سے 2 افراد جھلس کر جاں بحق‘ چیئرمین کے پی ٹی سمیت 5افراد افراد زخمی ہوگئے۔ آگ کیماڑی آئل ٹرمینل ون میں پیٹرول کے یونٹ میں لگی۔ پاک بحریہ، سندھ رینجرز اور دیگر ریسکیو اداروں نے آگ بجھائی۔ جاں بحق ہونے والے دونوں افراد کچھی پاڑہ کے رہائشی تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے وقت دونوں افراد آئل ٹرمینل میں کام کررہے تھے۔ جاں بحق افراد کی شناخت شاہد اور صالح محمد کے نام سے ہوئی ہے۔ چیئرمین آل پاکستان آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ جھلس کر جاں بحق ہونے والے دونوں افراد ٹینکر ڈرائیور ہیں۔ آگ کے وقت دونوں افراد ٹرمینل میں موجود تھے۔ کیماڑی آئل ٹرمینل پرآگ لگنے سے ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی معطل ہوگئی۔ آل پاکستان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین شمس شاہوانی کا کہنا ہے کہ آگ سے ہمارا کافی نقصان ہوا ہے۔ حالات کی بہتری تک پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی روک دی اور فی الحال اپنی گاڑیاں آئل ٹرمینل سے ہٹالی ہیں۔ آگ پر قابو پانے کے بعد صورتحال دیکھ کر سپلائی بحالی کا فیصلہ کریں گے۔ فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ کیماڑی آئل ٹرمینل پرلگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ ذرائع آئل کمپنیز کے مطابق کیماڑی تیل پائپ لائن میں آگ سے زخمیوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔ ایک زخمی کی حالت خطرے سے باہر ہے جبکہ تین زیر علاج ہیں۔ آئل کمپنیز ذرائع نے بتایا کہ کیماڑی تیل پائپ لائن ریپئر کے دوران آگ لگی۔ زخمیوں کی شناخت شاہد، کاشف اور فیاض کے نام سے ہوئی ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق کیماڑی آئل ٹرمینل پر فائر بریگیڈ کی 6 گاڑیوں نے آگ بجھانے میں حصہ لیا جبکہ پاک بحریہ کی ٹیم بھی آگ بجھانے میں معاونت کررہی تھی۔ آئل ٹرمینل پر آتشزدگی کے باعث ٹریفک کو آئی سی آئی پل سے متبادل راستے سے گزارا گیا۔ علاوہ ازیں کراچی کے کیماڑی آئل ایریا میں لگی آگ سے چیئرمین کے پی ٹی بھی زخمی ہوئے۔ آگ تیزی سے بجھانے کی نگرانی کیلئے چیئرمین ریٹائرڈ ایڈمرل جمیل اختر خود جائے وقوعہ پر موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ 500 گز کے فاصلے پر تیل کے بڑے ذخیرے تھے۔ فوری نوٹس نہ لیا جاتا تو آگ بہت پھیل سکتی تھی۔ میرے بالوں اور چہرے پر آگ کے اثرات ہوئے ہیں۔تھانہ جیکسن کے انچارج کے مطابق آگ کیماڑی آئل ٹرمینل ون پر واقع ایک نجی کمپنی کے ڈپو میں لگی۔