• news

گورنر کی ملاقات، کم ترین ٹیرف پر 100 میگاواٹ سولر پلانٹ کا معاہدہ، سابق حکومت کے مہنگے منصوبوں کا بوجھ عوام پر پڑا: عثمان بزدار

لاہور(نیوز رپورٹر) بزدار حکومت نے ایک اور تاریخ ساز سنگ میل عبور کر لیا-ضلع لیہ کے علاقے چوبارہ میں 100 میگا واٹ کا سولر پراجیکٹ لگایا جائے گاجس سے ملکی تاریخ کے سب سے کم ترین ٹیرف3.7سینٹ پر بجلی حاصل کی جائے گی- اس منصوبے پر 10 ارب روپے کی سرمایہ کاری ہو گی-وزیر اعلی آفس میں محکمہ توانائی پنجاب کے پنجاب پاورڈویلپمنٹ بورڈ، متبادل توانائی ترقی بورڈ اور زینفا(Zhenfa) پاکستان نیوانرجی کمپنی کے مابین معاہدہ پر دستخط کی تقریب ہوئی- عثمان بزدار اور وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان مہمان خصوصی تھے- عثمان بزدار نے کہا ہے کہ انرجی سے نہ صرف عام شہری مستفید ہوتے ہیں بلکہ صنعتوں کا پہیہ بھی چلتا ہے-پنجاب میں آبادی اورترقی پذیر معیشت کی وجہ سے توانائی کی ضروریات باقی صوبوں کی نسبت زیادہ ہے- ماضی کے برعکس ہماری حکومت سستی بجلی کے دیر پا ذرائع کے حصول کی طرف گامزن ہے- سابق حکومت نے انرجی کے مہنگے منصوبے لگائے جس سے عوام پر بوجھ پڑا -پنجاب میں سکولوں،کالجوں اوریونیورسٹیوں،بنیادی مراکز صحت سمیت دیگر سرکاری عمارتوں کو مرحلہ وار شمسی توانائی پر منتقل کیاجائے گا۔انڈسٹریل سٹیٹس، واساز،اورنج لائن ٹرین جیسے منصوبوں کو بھی توانائی کے متبادل ذرائع پر منتقل کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا جارہاہے۔انرجی سیکٹرمیں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ وفاقی وزیر توانائی عمرایوب خان نے حکومت پنجاب کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں سب سے کم ٹیرف پر سولر پراجیکٹ کا معاہدہ کیا ہے جس پر وزیر اعلی عثمان بزدار اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں - وزیر اعلی سے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے ملاقات کی جس میں صوبے کی عمومی صورتحال اور فلاح عامہ کے منصوبو ں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا- چودھری محمد سرورنے پنجاب حکومت کے 2 سال مکمل ہونے پر وزیر اعلی کو مبارکباددی اور پنجاب حکومت کی دو سالہ کارکردگی کو سراہا-عثمان بزدار نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کراچی کے شہریوں کے ساتھ کھڑی ہے اورہم مشکل کی گھڑی میں کراچی کے عوام کے ساتھ ہیں - عوامی خدمت کے ایسے کام کر کے جائیں گے جن کی کوئی مثال نہیں ہو گی-شو بازی کا دور قصہ پارینہ بن چکا، ہم عوامی خدمت کے لئے عملی اقدامات کر تے ہیں - اپوزیشن جماعتوں کو کراچی جیسے اہم ایشو پر منفی سیاست کرنا زیب نہیں دیتا -وزیر اعظم عمران خان کراچی کے مسائل حل کرنے لئے پرعزم ہیں - عثمان بزدار سے رکن قومی اسمبلی رخسانہ نوید نے ملاقات کی -عثمان بزدار نے کہا کہ ہمارے 2برس عوامی خدمت سے عبارت ہیں۔پنجاب کا ہرشعبہ ترقی کی طرف گامزن ہے۔ دن رات عوام کی خدمت کی ہے۔ فیصلے کرتے ہوئے ہمیشہ عوامی مفاد کو ہی مدنظر رکھا۔ عثمان بزدار نے وزیر اعلی آفس کے کیشئر محمد آزاد قاسم خان کی والدہ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے -وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پنجاب میں کرونا کی صورتحال دیگر صوبوں کی نسبت بہتر ہے - عوام کے کرونا وبا کے دوران تعاون پر شکریہ ادا کرتا ہوں -

ای پیپر-دی نیشن