• news

پنجاب اسمبلی میں مسجد کا افتتاح : مذہبی یگانگت کی بات کرنی چاہئے: پرویز الٰہی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی عبادت گاہوں میں پیار، محبت، برداشت، تحمل، رواداری اور مذہبی یگانگت کی بات کرنی چاہئے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری اس کاوش کو اصلاح، محبت، اخوت اور یگانگت کا سبب بنائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی میں نئی مسجد کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ قانون سازی عوامی مفاد میں باہمی تعاون کے ساتھ جاری ہے۔ سٹینڈنگ کمیٹیوں کی ورکنگ بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ مزید نئی کمیٹیاں بھی بنا رہے ہیں جو عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے کام کریں گی اور حکومت کو سفارشات دیں گی جس سے اچھے نتائج برآمد ہوں گے۔ سیاسی نقطہ نظر سب کا اپنا اپنا ہے مگر ایوان میں سارے ارکان عوامی مفاد کیلئے اکٹھے ہیں۔ عثمان بزدار کو بھی دعوت دی تھی مگر وہ مصروفیات کی بنا پر نہیں آ سکے۔  میں آپ تمام حضرات کو آج اللہ تعالیٰ کے اس گھر میں نماز جمعہ ادا کرنے کی سعادت کی دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور سمجھتا ہوں کہ ہم سب نے جس نیک نیتی کے ساتھ اللہ تعالیٰ کے اس گھر کیلئے سوچا تھا اس میں خالق کائنات نے ہمیں کامیاب فرمایا ہے۔ ہم نے صرف مسجدیں ہی نہیں بنانی انہیں آباد بھی کرنا ہے۔ مسجد کی تعمیر میں سابق رکن اسمبلی رئیس محبوب نے ایک کروڑ 14 لاکھ روپے جبکہ کہ رکن اسمبلی شیخ علاؤالدین نے 25 لاکھ روپے دیئے، اس کے علاوہ دیگر ارکان اسمبلی اور سٹاف نے بھی مالی معاونت کی۔ سپیکر نے کہا کہ سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کیپٹن (ر) اسد نے شب و روز محنت کرکے یہ خوبصورت مسجد تعمیر کروائی۔ ایک سوال میں جب اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز سے کہا گیا آپ کچھ کہنا چاہیں گے تو انہوں نے کہا کہ جو سپیکر صاحب نے کہہ دیا ہے وہ کافی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن