پنجاب بارشوں، سیلاب کی زد میں ،حکمران انجوائے کررہے ہیں: حمزہ شہباز
لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) حمزہ شہبازنے کہا ہے کہ بزدار صاحب پورا پنجاب بارشوں اور سیلاب کی زد میں ہے،اور آپ انجوائے کر رہے ہیں، بلند وبانگ دعوے کرنے سے کوئی لیڈر نہیں بن سکتا،برائے مہربانی ذرا اندرون لاہور کا دورہ کریں تاکہ آپ کو حالات کی اصلیت کا اندازہ ہو سکے۔حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کرنے والے ہی عوامی لیڈر تصور کیے جاتے ہیں۔شہباز شریف کی بنائی بڑی سڑکوں کا دورہ کرکے میڈیا ٹاک کرنے سے لوگوں کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔پنجاب اسمبلی میں ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور کی سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کررہی ہے۔اندرون لاہور مکمل ڈوب گیا ہے۔واسا،ضلعی انتظامیہ سمیت حکومتی مشینری کہیں نظر نہیں آرہی۔ حکومت نے مون سون سے قبل کوئی پلاننگ نہیں کی,میڈیا اصل حالات دیکھا رہا ہے۔اگر تیاری کی جاتی تو آج پنجاب میں یہ حالات نہ ہوتے۔بارش کا پانی ڈینگی کی افزائش کا باعث بنے گا۔شہبازشریف کا پنجاب آج سیاسی نابالغ اور ناتجربہ کاروں کے رحم کرم پر ہے،لانگ بوٹ اور کوٹ پہننے کی ضرورت پانی میں کھڑے ہونے کیلیے ہوتی ہے،گاڑی کی لانگ ڈرائیو میں نہیں۔میاں نوازشریف اور شہباز شریف کی ٹیم نے دن رات محنت کرکے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔نیازی صاحب عوام آج شہبازشریف کو اس لیے یاد کرتے ہیں کیونکہ آندھی،طوفان، زلزلہ، سیلاب،بارش میں وہ ہر وقت عوام کے درمیان موجود ہوتے تھے۔