• news

سعودی فلمیں‘ ڈرامے اردو ڈبنگ کیساتھ پاکستان میں دکھائے جائینگے: سفیر نواف المالکی

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید خان نے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے سعودی سفارتخانے میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر طے کیا گیا کہ دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے کے لئے دونوں ممالک کے کلچر اور ثقافت سے عوام کو روشناس کروایا جائے گا۔ اس مقصد کے لئے سعودی عرب میں اسلامی تاریخ  اور سعودی کلچر پر بننے والی فلموں اور ڈراموں کو اردو زبان میں ڈبنگ کر کے پاکستانی میڈیا پر چلایا جائے گا۔ اسی طرح پاکستان میں بننے والی فلموں اور ڈراموں کو عربی زبان میں ڈب کرکے سعودی عرب کے میڈیا پر چلایا جائے گا۔ اس موقع پر سینیٹر فیصل جاوید  نے کہا کہ اس اقدام سے دونوں برادر ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے کلچر اور ثقافت سے آگاہی حاصل ہوگی جس کے نتیجے میں وہ ایک دوسرے کے مزید قریب آسکیں گے۔ ملاقات میں نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ پاکستان صف اول کے ممالک میں شامل اور اتحاد امہ کا زبردست داعی ہے۔ سعودی سفیر نے کہا کہ انہوں نے پاکستان کو انتہائی خوبصورت اور شاندار ملک پایا۔ وزیراعظم عمران خان عظیم لیڈر ہیں جن کی دنیا عزت کرتی ہے۔ ان کی اتحاد امت کے لئے خدمات اور ویژن کو پوری اسلامی دنیا خصوصاً سعودی عرب میں قدرومنزلت سے دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاحت کے شعبے میں ترقی کے لئے پاکستان کا خوبصورت چہرہ دنیا کے سامنے اجاگر کیا جائے۔ اس موقع پر سینیٹر فیصل جاوید نے پاکستان میں سیاحت کے موضوع پر لکھی ایک کتاب بھی سعودی سفیر کو پیش کی۔

ای پیپر-دی نیشن