سرحد پر صورتحال کشیدہ: انڈین آرمی چیف، بھارتی وزیر دفاع کی چینی ہم منصب سے ملاقات
ماسکو، نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ، نیٹ نیوز) بھارتی فوج کے سربراہ جنرل منوج نروانے کا کہنا ہے کہ چین کے ساتھ سرحد پر صورت حال کشیدہ اور خطرناک ہے۔ تفصیلات کے مطابق لداخ کے معاملے پر بھارت اور چین کے درمیان کشیدگی کے بعد ہندوستان کی عسکری قیادت گو مگوں کی شکار ہو گئی۔ چیف آف ڈیفنس سٹاف بپن راوت اور موجودہ آرمی چیف جنرل منوج مکنڈ نروانے کے بیانات نے بھارتی تیاری کو آشکار کر دیا۔ بھارتی فوج نے پیر کو جاری بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) نے ہفتے کو لداخ کی پیانگونگ تسو جھیل کے جنوبی کنارے سے سرحدی حد بندی کی خلاف ورزی کی کوشش کی۔ بھارتی آرمی چیف نے سرحدی علاقے کے دورے کے موقع پر جمعہ کو مقامی خبر رساں ادارے سے گفتگو کی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) پر صورت حال کشیدہ ہے۔ توقع ہے کہ سرحدی تنازعہ مکمل طور پر بات چیت کے ذریعے ہی حل ہو سکتا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی آرمی چیف کا کہنا تھا کہ انہوں نے سرحد پر موجودہ صورتِ حال کا جائزہ لیا ہے۔ مختلف مقامات کا دورہ کیا اور افسران اور اہلکاروں سے بات چیت بھی کی ہے۔ علاوہ ازیں بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ کی ماسکو میں چینی ہم منصب سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں سرحدی تنازعہ پر بات کی گئی۔