• news

تعلیمی ادارے کھولنے کی درخواست مسترد، یہ ایگزیکٹو کا اختیار ہے: اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد (صباح نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ نے کرونا کی وجہ سے بند تعلیمی ادارے کھولنے کی ایک اور درخواست مسترد کردی۔ جمعہ کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں کرونا وائرس کی وجہ سے بند تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق درخواست پر چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں بنچ نے  سماعت کی ۔ عدالت نے درخواست گزار وکیل کے دلائل کے بعد درخواست مسترد کردی اور تعلیمی ادارے کھولنا یا بند رکھنا ایگزیکٹو کا اختیار قرار دے دیا۔دوران سماعت اپنے ریمارکس میں چیف جسٹس نے کہاتعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کرنا ایگزیکٹو کا اختیار ہے۔ یہ عدالت مفروضے کی بنیاد پر تو کوئی حکم جاری نہیں کر سکتی، یہ ہو ہی نہیں سکتا کہ مفاد عامہ کا اتنا اہم معاملہ ایگزیکٹو کے مدنظر نہ ہو۔درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ میں نے پہلے بھی پٹیشن دائر کی عدالت نے متعلقہ ادارے سے رجوع کی ہدایت کی، میں نے متعلقہ اداروں میں درخواست دی لیکن کچھ نہیں ہوا، حکومت تعلیمی ادارے کھولنے کے حوالے سے سنجیدگی نہیں دکھا رہی۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے پالیسی کا معاملہ ہے اور عدالت ایسے معاملات میں مداخلت نہیں کرتی، ایگزیکٹو کا کام ہے اس کی ذمہ داری ہے انہیں اپنا کام کرنے دیں۔واضح رہے عدالت اس سے قبل بھی تعلیمی ادارے کھولنے کی درخواست مسترد کر چکی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن