• news

’’802 ارب کا پیکج‘‘ وزیراعظم آج کراچی جائیں گے

اسلام آباد (صباح نیوز/ این این آئی) وزیراعظم عمران خان آج ہفتہ کو کراچی کا دورہ کریں گے۔ اس موقع پر شہر قائد کے لئے بڑے معاشی پیکج کا اعلان ہو گا۔ وزیراعظم عمران خان کراچی میں شہر کے مسائل کا جائزہ لیں گے۔ دورے کے موقع پر کراچی میں نالوں کی صفائی، تجاوزات کے خاتمے، نکاسی آب کے مسائل کے حل اور صاف پانی کی فراہمی سے متعلق اہم اعلانات بھی کریں گے۔ دریں اثناء کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات منظر عام پر آگئیں۔ دستاویزات کے مطابق کراچی ٹرانسفارمیشن پلان میں 802 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا جائے گا۔ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے لیے 723 ارب 25 کروڑ روپے درکار ہوں گے۔ منصوبوں کے لیے رواں سال بجٹ صرف 32 ارب روپے مختص کیا گیا ہے۔ ٹرانسفارمیشن پلان کے منصوبوں پر اب تک 47 ارب 18 کروڑ روپے خرچ ہوچکے ہیں۔ پلان کے تحت ماس ٹرانزٹ سسٹم کے 6 منصوبوں کا اعلان کیا جائے گا۔ ماس ٹرانزٹ سسٹم کے 447 ارب 43 کروڑ روپے کے منصوبوں کا اعلان کیا جائے گا۔ دستاویزات کے مطابق ماس ٹرانزٹ کا 300ارب روپے مالیت کا کراچی سرکلر ریلوے پلان میں شامل ہے۔ کراچی سرکلر ریلوے کے لیے 250 ارب روپے چینی حکومت فراہم کرے گی۔ سندھ حکومت کراچی سرکلر ریلوے کے لیے 50 ارب روپے فراہم کرے گی۔ دستاویزات کے مطابق سیوریج کے 8 منصوبوں کا تخمینہ 162 ارب 60 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کے چار منصوبوں کا تخمینہ 14 ارب 86 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔ واٹر ڈرینز کے دو منصوبوں کی لاگت کا تخمینہ 4 ارب 70 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔ دستاویزات کے مطابق سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبوں کا تخمینہ 62 ارب 30 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن