دوہری شہریت والے الیکشن لڑ سکیں گے‘ ترمیم پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی منظوری
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے کیا وعدہ پورا کر دیا ہے جس کے تحت اوورسیز پاکستانیوں کو الیکشن لڑنے کا حق دے دیا گیا ہے۔ جمعہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور وفاقی کابینہ نے آئینی ترمیم پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی منظوری دے دی ہے۔تمام سیاسی جماعتوں نے تارکین وطن کو ووٹ کا حق دینے کا وعدہ کیا تھا جو وعدوں سے آگے تکمیل تک نہیں پہنچایا جا سکا، ترمیم کی منظوری کیلئے معاملہ پارلیمنٹ میں لے کر جائیں گے۔نئی ترمیم کے تحت دوہری شہریت کا حامل شخص الیکشن لڑنے کا اہل ہو گا۔الیکشن ہارنے کی صورت میں دوہری شہریت چھوڑنے کی ضرورت نہیں ہو گی۔الیکشن جیتنے کی صورت میں عہدے کا حلف اٹھانے سے پہلے شہریت چھوڑنا ہوگی۔
اسلام آباد (محمد نواز رضا۔ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا وفاقی حکومت نے دوہری شہریت کے حامل پاکستانیوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ تاہم اسے آئین کے آرٹیکل 63میں ترمیم کے لئے آئینی ترمیم لانا ہو گی جس کے لئے اپوزیشن جماعتوں کی حمایت کے بغیر یہ آئینی ترمیم منظور کرانا ناممکن ہے۔ ترمیمی بل کے تحت دوہری شہریت کے حامل افراد کو حلف اٹھانے سے قبل غیر ملکی شہریت ترک کرنا ہوگی۔ اس وقت حکومت اور اپوزیشن کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں۔ ایف اے ٹی ایف کے بلوں میں تعاون کے معاملہ پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بیان بازی کا سلسلہ جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے دوہری شہریت کے حامل پاکستانیوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت دینے سے متعلق بل منظور کرلیا۔ آئینی ترمیمی بل وزارت پارلیمانی امور کو ارسال کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کابینہ کمیٹی قانونی کیسز اور بعض وزراء نے دوہری شہریت رکھنے والوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت دینے کی مخالفت کی تھی تاہم وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے قانونی کیسز کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے ترمیمی بل کی منظوری دی۔