• news

پشاور لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں اربوں روپے مالی نقصان کا انکشاف، آڈٹ رپورٹ جاری

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) خیبر پی کے میں سب سے بڑے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں اربوں روپے کے مالی نقصان کا انکشاف ہوا ہے۔ ہسپتال کی ڈیپارٹمنٹل اکائونٹس کمیٹی نے آڈٹ رپورٹ جاری کردی۔  لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں کرونا وائرس سے بچائو کے لیے سامان کا ریکارڈ نہ ہونے کے بعد ایک اور آڈٹ رپورٹ سامنے آگئی۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق ہسپتال میں 4 ارب 5 کروڑ 64 لاکھ روپے سے زائد کا حساب موجود نہیں جبکہ 4 ارب سے زائد رقم غیر ضروری طورپر خرچ کی گئی، اخراجات سے متعلق ہسپتال ریکارڈ میں تفصیل بھی موجود نہیں۔ لوکل خریداری کیلئے قواعدوضوابط پر عمل نہ کرتے ہوئے 80 کروڑ 28 ہزار روپے خرچ کئے گئے۔ شہریوں نے نقصانات کی انکوائری کا مطالبہ کیا۔ ہسپتال میں 691 ملین روپے کے اخراجات سے متعلق بھی ریکارڈ موجود نہیں ہے۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق معاملے کے حوالے سے محکمہ صحت اور دیگر اعلیٰ حکام کو تحریری جواب دے دیا گیا ہے۔ اکائونٹس کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں تمام معاملات واضح ہو جائیں گے۔ آڈٹ رپورٹ میں 15 کروڑ 57 لاکھ روپے سے زائد کی جعلی معائنہ پرچیاں جاری ہونے کا انکشاف بھی کیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن