• news

1965میں بھارتی چوکی پر قبضہ اور150فوجیوں کو مارا:بریگیڈیئر(ر) رب نواز بھٹی

حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت)حافظ آباد سے تعلق رکھنے والے پاک فوج کے ریٹائرڈ بریگیڈیئر رب نواز بھٹی نے 1965کی پاک بھارت جنگ میں بھارتی چوکی پر قبضہ کر کے دشمن کے ڈیڑھ سو فوجیوں کو جہنم واصل کرنے اور متعدد کو قیدی بنا کر تاریخ رقم کی ۔ بریگیڈیئر رب نواز بھٹی کو اسی بہادری اور دلیری پر فیلڈ مارشل ایوب خان نے ستارہ جرأت سے نوازا۔حافظ آباد کے علاقہ کوٹ نصرت سکھیکی کے رہائشی رب نواز بھٹی نے 1962میں بطور لیفٹیننٹ اپنی ملازمت کا آغاز کیا۔ رب نواز بھٹی کو  1965کی پاک بھارت جنگ میں کوٹلی سیکٹرز آزاد کشمیر پر تعینات کیا گیا۔ رب نواز بھٹی نے اپنے ساتھی فوجیوں کے ہمراہ کمال حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ماہل چیک پوسٹ پر قبضہ کر لیا۔ بریگیڈیئر رب نواز بھٹی کا کہنا ہے کہ ہم بھارتی فوج کے مقابلہ میں بہت کم تھے لیکن ہمارا جذبہ بھارتی فوج سے کہیں زیادہ تھا انکا کہنا تھا کہ بہت سے کشمیری نوجوان بھی پاکستانی فوج کے ساتھ شانہ بشانہ لڑے۔انہوں نے بتایا کہ میں نے بیک وقت نشانے بناتے ہوئے تین بھارتی فوجیوں کو مار گرایاجبکہ بارہ فوجیوں کو قید کر لیا انکا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج نے دشمن فوج کا بڑی بہادری اور دلیری سے مقابلہ کیا اور تقریبا ڈیڑھ سو بھارتی فوجیوں کو جہنم واصل کر کے انکا اسلحہ پاکستان لائے انہوں نے بتایا کہ بھارتی فوج کے ایک گرنیڈ حملہ میں وہ شدید زخمی ہوئے لیکن مجھے زخموں کا احساس تک نہیں تھا اور میں دشمن کے حملوں کو ناکام بناتا رہا اور آخر وقت تک پاکستانی فوج نے بھارتی ماہل چیک پوسٹ پر قبضہ کیے رکھا۔رب نواز بھٹی کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج ہی انہیں کیپٹن کے عہدہ پر ترقی دیدی گئی ۔فیلڈ مارشل جنرل ایوب خان نے بریگیڈئر رب نواز بھٹی کو اسی بہادری اور جرات کا مظاہرہ کرنے پر ستارہ جرات سے نوازا گیا ۔بریگیڈئر رب نواز بھٹی کا کہنا تھا کہ مجھے بالکل یقین نہیں تھا کہ میں نے کوئی بڑا کام کیا ہے اور اس کے بدلے اتنے بڑے اعزاز سے نوازا جائیگا ۔انکا کہنا تھا کہ آج بھی پاکستانی فوج دنیا کی بہترین فوج ہے اگر بھارت دشمن نے کبھی پاکستان پر حملہ کی غلطی کی تو اسے منہ کی کھانا پڑے گی ۔ایک سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا کہ میری عمر 80سال سے زائد ہے لیکن میرا جذبہ بالکل اسی طرح جوان ہے جس طرح میں نے پاک فوج میں ملازمت اختیار کی،اگر آج بھی ملک کو میری ضرورت ہوئی تو میں پاکستانی فوج کے ساتھ ملکی سرحدوں کی حفاظت اور دشمن کا مقابلہ کرونگا ،میرا جذبہ اور میری ہمت آج بھی جوان ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں صوبائیت،گروپ بندی سے نکل کر متحد ہو کر ایک قوم بن کر رہنا ہو گا ۔بریگیڈئر رب نواز بھٹی کے دو بیٹے اور دو پوتے بھی پاک فوج میں اعلیٰ عہدوں پر اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔بریگیڈئر رب نواز بھٹی کو دوران سرور ملنے والے اعزازات اور میڈلز انکے گھر کی زینت بنے ہوئے ہیں ۔پاکستانی قوم کو پاک فوج کے ان ہیروز پر فخر ہے جنہوں نے اپنے وطن عزیز کی خاطر لازوال قر بانیاں دیں ۔پاک فوج کے شہیداء اور غازی قوم کا سر مایا ہیں انکی قومی و ملی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

ای پیپر-دی نیشن