• news

مظفرآباد: شہید لیفٹیننٹ ناصر خالد کی نماز جنازہ، نائیک عمران کی جڑانوالہ میں تدفین

جڑانوالہ، فیصل آباد، مظفرآباد (نمائندہ نوائے وقت، نمائندہ خصوصی) شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ ناصر خالد کی آزادکشمیر میں نماز جنازہ جبکہ جڑانوالہ کے نائیک محمد عمران کو آبائی گائوں میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے وزیرستان میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ ناصر خالد کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔ نمازجنازہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادجموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ شہید ناصر خالد آزادکشمیر کا قابل فخر سپوت تھا جس نے اپنی جان وطن عزیز پر قربان کردی۔ آزادکشمیر کے باشندے دفاع پاکستان کیلئے جب بھی ضرورت پڑی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے گریز نہیں کریں گے۔ آرمی چیف سے لے کر ایک سپاہی تک کو یقین دلاتا ہوں ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ وطن عزیز میں تخریب کاری ہے خاتمے کیلئے پاک فوج پولیس سکیورٹی اداروں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ شہید کی والدہ اور بھائی ہماری عزت اور ہمارے لئے قابل فخر ہیں۔ نمازجنازہ میں صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان اور سیاسی رہنمائوں سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ دوسری طرف جڑانوالہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق  فیصل آباد میں شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر بم حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے نائیک محمد عمران کی تدفین فوجی اعزاز کے ساتھ کردی گئی۔ شہید محمد عمران کی تدفین میں اہل علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ آرمی چیف کی جانب سے شہیدکی قبر پر پھول چڑھائے گئے۔ اس موقع پر محمد عمران کے والد نے کہا کہ خدا نے بیٹے کی خواہش پوری کردی۔ شہید نائیک محمد عمران کا تعلق تھانہ بلوچنی کے علاقے 65 چک رنگل ننگڑ سے ہے۔ شہید عمران کا چھوٹا بھائی بھی پاک آرمی میں ہے۔ شہید دو بیٹوں اور ایک بیٹی کے باپ تھے۔

ای پیپر-دی نیشن