افغان حکومت سے مذاکرات، طالبان کی 21 رکنی ٹیم کا اعلان‘ وفد قطر پہنچ گیا
دوحہ(نیٹ نیوز) طالبان کا وفد قطر پہنچ گیا جس کے بعد افغان حکومت کے ساتھ امن مذاکرات کے آغاز کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔21 رکنی ٹیم کا بھی اعلان کر دیا گیا ۔ طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین نے بتایا 'ہماری مذاکراتی ٹیم کے تمام ارکان دوحہ پہنچ چکے ہیں، چند چھوٹے تکنیکی مسائل کے حل کے بعد مذاکرات کا آغاز ہوگا۔'امریکا کی جانب سے طالبان اور افغان حکومت کے درمیان مذاکرات کے لیے مسلسل زور دیا جارہا ہے، تاکہ امریکی فوج کے انخلا کے بعد افغانستان کے مستقبل کا فیصلہ کیا جاسکے۔ ادھر طالبان قطر میں ہونے والے بین الاقوامی مذاکرات کیلئے اپنی مذاکراتی ٹیم کا اعلان کر دیا، ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد کے مطابق طالبان کی 21 رکنی مذاکراتی ٹیم کی سربراہی مولوی عبدالحکیم کریں گے۔ علاوہ ازیں عباس ستنا کزئی مذاکراتی ٹیم کے نائب سربراہ ہوں گے طالبان نے محمد نعیم وردک کو قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کا ترجمان تامزد کر دیا ہے۔