جموں و کشمیر تحریک حق خودارایت کی یوم دفاع پر مسئلہ کشمیراجاگر کرنے کیلئے مہم شروع
بریڈفورڈ(نمائندہ خصوصی) جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے منظم مہم کا آغاز کر دیا ، برنلے اور ایکرنگٹن کے کنزرویٹو پارٹی کے ممبران پارلیمنٹ ایم پی چینگن بوتھم ، ایم پی سارہ برٹکلف سے خصوصی چیئرمین تحریک راجہ نجابت حسین نے خصوصی ملاقاتیں کیں، 6ستمبر کو ویڈیو کے ذریعے کشمیر کانفرنس کے مہمان خصوصی وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان ہوں گے جبکہ ویڈیو کشمیر کانفرنس کی صدارت لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر نفیس زکریا کریں گے۔کانفرنس میں 2درجن سے زائدبرطانوی ،یورپین ، پاکستانی اور کشمیری ممبران پارلیمنٹ اور انسانی حقوق کے نمائندے خطاب کریں گے ، 7ستمبر کو کو اسلام آباد میں تحریک حق خود ارادیت کے پاکستان چیپٹر کے زیر اہتمام کشمیر سیمینار ہو گا جس کے مہمان خصوصی صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان ہوں گے اور صدارت چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی کریںگے۔ برطانیہ و یورپ کے علاوہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے ممبران پارلیمنٹ اور یوتھ پارلیمنٹ کے ارکان سمیت انسانی حقوق کے نمائندے اور مختلف تنظیموں کے مندوبین بھی شرکت اور خطاب کریں گے۔ گزشتہ سال بھی 3ستمبر کو 10ڈائوننگ سٹریٹ میں ممبران پارلیمنٹ سے مل کر برطانوی وزیر اعظم کو یاداشت جمع کرائی گئی تھی۔