• news

آسٹریلیا میں مگرمچھ کی کھال سے بنا 14 ہزار پائونڈ کا ہینڈ بیگ ضبط

سڈنی (نوائے وقت رپورٹ)آسٹریلیا میں ایک خاتون کو مگرمچھ کی کھال سے بنا ہینڈ بیگ برآمد کرنا اس وقت مہنگا پڑا جب اجازت نامہ نہ ہونے کی وجہ سے اسے حکام نے ضبط کر لیا اور اب اسے تلف کر دیا جائے گا۔اس بیگ کی کل مالیت 26 ہزار آسٹریلوی ڈالر یعنی 14 ہزار پاؤنڈ بتائی جاتی ہے اور اسے فرانس کے سینٹ لارینٹ نامی سٹور سے منگوایا گیا تھا جس کے بعد آسٹریلوی بارڈر فورس نے پرتھ میں اسے ضبط کر لیا۔مگرمچھ کی کھال سے بنی مصنوعات آسٹریلیا میں درآمد کرنے کی اجازت ضرور ہے لیکن خریداروں کو اس کے لیے ایک 70 آسٹریلوی ڈالر کا اجازت نامہ لینا بھی ضروری ہے۔آسٹریلیا کی وزیرِ ماحولیات نے اس حوالے سے ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک 'مہنگی یاد دہانی' ہے کہ پہلے اجازت نامہ اور دیگر ضروری کاغذی کارروائی کرنا کتنا اہم ہے۔خاتون کی جانب سے 26 ہزار 313 آسٹریلوی ڈالر مالیت کے بیگ کی قیمت ادا کی جا چکی ہے اور محکمہ زراعت، پانی اور ماحولیات نے مزید کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔آسٹریلیا میں جنگلی حیات کی تجارت سے متعلق جرائم کی زیادہ سے زیادہ سزا 10 سال قید اور دو لاکھ 22 ہزار آسٹریلوی ڈالر جرمانہ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن