لائسنس کے الیکٹرک کے سوا کسی اور کمپنی کو بھی دیا جاسکتا ہے: نیپرا ، عوامی رائے طلب
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) نیپرا نے کے الیکٹرک کے بجلی ڈسٹری بیوشن لائسنس میں تبدیلی کیلئے عوامی آراء طلب کرلیں۔ نیپرا کا کہنا ہے کے الیکٹرک نے ڈسٹری بیوشن سسٹم میں توسیع کی اور نہ اسے اپ گریڈ کیا۔ کے الیکٹرک صارفین طویل لوڈشیڈنگ ، سیفٹی معاملات اور زائد بلنگ کی شکایات ہیں۔ نیپرا ایکٹ کے تحت عوامی مفاد میں کے الیکٹرک کے لائسنس میں تبدیلی کا اختیار ہے۔ کے الیکٹرک کے لائسنس میں تبدیلی سے بجلی فراہمی کیلئے مقابلے کی فضا پیدا ہوگی۔ لائسنس میں تبدیلی سے بجلی کی قیمت میں کمی اور سروس معیار بہتر ہوگا۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے عندیہ دیا ہے کہ کراچی میں بجلی کی فراہمی کیلئے لائسنس کے الیکٹرک کے سوا کسی اور کمپنی کو بھی دیا جاسکتا ہے۔ نیپرا نے کیالیکٹرک کے بجلی ڈسٹری بیوشن لائسنس میں تبدیلی کیلئے عوام سے رائے طلب کرلی ہے۔ ذرائع کے مطابق عوامی آراء کے الیکٹرک کے خلاف آنے کی صورت میں کراچی میں بجلی تقسیم کیلئے دیگر کمپنیوں سے بھی درخواستیں طلب کی جا سکتی ہیں۔نیپرا نے کے الیکٹرک بجلی ڈسٹری بیوشن لائسنس میں تبدیلی کیلیے عوامی آرا کا نوٹس اپنی ویب سائٹ پر ڈال دیا ہے۔