کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ سے نوجوان زخمی: پاکستان کا انڈین سینئر سفارتکار طلب کر کے احتجاج
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)سینئر بھارتی سفارتکار کو گزشتہ روز دفتر خارجہ طلب کرکے قابض بھارتی فوج کی جانب سے 5 ستمبر 2020 کو لائن آف کنٹرول (ایل۔او۔سی) پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور اس کے نتیجے میں ایک بے گناہ شہری کے زخمی ہونے پر شدیداحتجاج کیا گیا۔دفتر خارجہ کے مطابق قابض بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ’ایل۔او۔سی‘ کے رکھ چکری سیکٹر میں انیس سالہ محمد طارق ولد غلام حسین سکنہ گائوں کرنی شدید زخمی ہوگئے۔بھارتی قابض فوج ’ایل۔او۔سی‘ اور ’ورکنگ۔باونڈری‘ پر عام شہری آبادی کو آرٹلری اور بھاری وخودکار ہتھیاروں سے مسلسل نشانہ بنارہی ہے۔ رواں برس 2020ء میں بھارت نے 2158 مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی جس کے نتیجے میں 17 بے گناہ شہری شہید اور 168شدید زخمی ہوئے۔ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر کشیدگی میں اضافہ کے ذریعے بھارت غیرقانونی طور پر اپنے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزیوں سے توجہ نہیں ہٹا سکتا۔بھارت پر زوردیا گیا کہ 2003 کے جنگ بندی سمجھوتے کا احترام کرے۔