• news

کرونا: 3اموات، 96 فیصد شفایاب، دنیامیں مریض بڑھ گئے، بھارت کا نیا ریکارڈ

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ)  پاکستان میں کرونا وائرس کی صورتحال دن بدن بہتری کی جانب گامزن ہے اور اب تک تقریباً 96 فیصد مریض شفایاب ہوچکے ہیں۔ ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 98 ہزار 679 ہے، جس میں سے 2 لاکھ 85 ہزار 898 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 6 ہزار 343 کا انتقال ہوا ہے۔6 ستمبر کو ملک میں کرونا وائرس کے مزید 277 مریض اور 3 اموات کی تصدیق ہوئی جبکہ 3 ہزار 345 مریض شفایاب ہوئے، مزید یہ کہ بلوچستان کے گزشتہ روز کے 72 کیسز کی تصدیق بھی آج ہوئی۔  سندھ میں کرونا وائرس کے مزید 188 نئے کیسز اور ایک موت کی تصدیق ہوگئی۔ وزیراعلیٰ کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 30 ہزار 671 ہوگئی۔ اموات 2 ہزار 423 تک پہنچ گئیں۔پنجاب میں کرونا وائرس مزید 48 افراد کو متاثر اور 2 کی جان لے گیا۔مجموعی کیسز 97 ہزار 166،  مجموعی تعداد 2 ہزار 210 ہو گئی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا وائرس مزید 8 افراد کو متاثر کرگیا۔ مجموعی کیسز کی تعداد 15 ہزار 734 ہوگئی۔ گلگت بلتستان میں مزید 19 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق۔ مجموعی تعداد 2 ہزار 979 تک پہنچ گئی۔ آزاد کشمیر میں کرونا وائرس مزید 14 افراد متاثر۔  مجموعی کیسز 2 ہزار 327 ہوگئے۔ پاکستان میں صحتیاب افراد کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اب تک تقریباً 96 فیصد مریض شفاپاچکے ہیں۔ 24 گھنٹوں میں مزید 3 ہزار 345 مریض شفایاب، مجموعی تعداد 2 لاکھ 85 ہزار 898 ہوگئی۔ فعال کیسز 6438 رہ گئے۔ دنیا بھر میں کرونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 8 لاکھ 84 ہزار تک پہنچ گئی۔ بھارت کو کرونا وائرس کے حوالے سے بدترین صورت حال کا سامنا ہے اور  ایک روز میں کرونا کیسز کی تعداد سامنے آنے کا نیا ریکارڈ بن گیا ہے۔ بھارتی وزارت صحت کے مطابق 24گھنٹے کے دوران کرونا کے 90 ہزار 633 کیسز سامنے آئے جب کہ ایک ہزار 65 اموات ریکارڈ کی گئیں۔ حکام کے مطابق بھارت میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 41 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جس کے بعد عالمی سطح پر  کرونا متاثرین کے تعداد کے حوالے سے امکان ہے کہ بھارت دوسرے نمبر پر آ جائے۔ سب سے زیادہ کرونا کیسز اب تک امریکا میں سامنے آئے ہیں جہاں 64 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ برازیل 41 لاکھ 23 ہزار  مریضوں کے ساتھ دنیا میں دوسرے نمبر  پر ہے، تیسرا نمبر بھارت کا ہے جہاں 41 لاکھ 14 ہزار کیسز کا اندراج ہو چکا ہے۔بھارت میں کرونا سے 70 ہزار 704 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جو کہ دنیا بھر میں تیسری بڑی تعداد ہے جب کہ برازیل  ایک لاکھ 26 ہزار ہلاکتوں کے ساتھ دوسرے اور امریکا پہلے نمبر پر ہے جہاں ایک لاکھ 92 ہزار سے زائد افراد کورونا کے باعث زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔ دوسری جانب دنیا بھر میں کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 2 کروڑ 70 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ 8 لاکھ 83 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ دعویٰ امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔ شکاگو میڈیسن یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ جن افراد کو وٹامن ڈی کی کمی کا سامنا ہوتا ہے اور وہ اس کا علاج نہیں کراتے، ان میں کرونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کی تشخیص کا خطرہ دیگر کے مقابلے میں دوگنا زیادہ ہوسکتا ہے۔  برطانیہ میں مئی کے بعد سے پہلی بار ایک روز میں تین ہزار کے قریب کرونا کیسز ریکارڈ کئے گئے ہیں۔ برطانیہ میں کرونا کیسز کی تعداد تین لاکھ 43 ہزار سے زیادہ اور اموات 41 ہزار پانچ سو سے زیادہ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن