یوم دفاع جوش و جذبے سے منایا گیا، شہداء کی قبروں پر پھول چڑھائے گئے
اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، کراچی (سٹاف رپورٹر‘اپنے سٹاف رپورٹر سے ‘نوائے وقت رپورٹ‘نیوز رپورٹر) یوم دفاع پاکستان ملک بھر میں ملی جذبے سے منایا گیا ، اس سلسلے میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا ،شہدا کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اور خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں یوم دفاع کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک کی ترقی اور خوشحالی کی دعائوں کے ساتھ کیا گیا جبکہ شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ اس کے علاوہ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا،یوم دفاع پاکستان کے سلسلے میں تمام کنٹونمنٹس کے ساتھ مختلف شہروں میں پروقار اور کرونا وائرس کے باعث محدود تقریبات کا اہتمام کیا گیا، 1965 ء کی جنگ میں جام شہادت نوش کرنے اور نشان حیدر پانے والے شہدا کی یادگاروں پر پھول رکھنے کے علاوہ فاتحہ خوانی کی گئی۔ لاہور میں مزار اقبال پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی۔ پنجاب رینجرز کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے اور سلامی پیش کی۔ ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل عامر مجید نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ یوم دفاع اور یوم شہدائے پاکستان پر کراچی میں مرکزی تقریب مزار قائد پر ہوئی۔ پاک فضائیہ کی اصغر خان اکیڈمی کے چاق و چوبند دست نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ اس موقع پر سلامی بھی پیش کی گئی، قومی نغموں کی دھنیں بجائی گئیں۔ تقریب کے مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل شکیل غضنفر نے مزار قائد پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایئروائس مارشل شکیل غضنفر نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کو پاکستان کی بقا کی جنگ تھی، ہمارا مقابلہ کئی گنا بڑے دشمن سے تھا، پاک فوج کے بہادر سپوتوں نے دشمن کا جوانمردی سے مقابلہ کیا۔ پاکستان کی فضائی سرحدیں ناقابل تسخیر ہیں۔ موجودہ دور میں دہشت گرد عناصر نے للکارا تو فضائیہ نے چیلنج قبول کیا۔ قوم کو 65‘ حالیہ آپریشنز میں افواج کی کارکردگی پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور پر حملہ ہوا تو فضائیہ نے دشمن کے ٹینکوں کو تباہ کیا۔ 6 ستمبر کو جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ سابق صدر آصف زرداری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاک فوج کے بہادر جوان وطن کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔ ہمارے بہادر جوانوں نے سوات کو وطن دشمنوں سے پاک کیا۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھ کر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ شہید بے نظیر بھٹو نے میزائل ٹیکنالوجی سے وطن کے دفاع کو مضبوط کیا۔ وطن کی خاطر جانیں قربان کرنے والے بہادر جوان قوم کے ہیرو ہیں۔پاک بحریہ نے بھی 55 واں یومِ دفاع عقیدت اور جوش و جذبے سے منایا۔ اس موقع پر اپنے پیغام میں چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جو دشمن کی عددی برتری کے باوجود ثابت قدم رہے اور انہوں نے دشمن کے ناپاک عزائم کو تحمل، ہمت اور غیرت مندی سے خاک میں ملادیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کثیرالجہتی بحری خطرات سے نبردآزما ہونے اور دشمن کی سازشوں کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہر طرح سے تیار ہے۔ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں یادگار شہداء پر پھول چڑھائے، شہداء کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور فاتحہ خوانی کی۔ مختلف فیلڈ کمانڈ ہیڈکوارٹرز میں بھی شہداء کی یادگاروں پر پھول چڑھائے گئے اور فاتحہ خوانی کی گئی۔ بحریہ کے تمام یونٹس اور تنصیبات میں پرچم کشائی کی تقریبات ہوئیں۔ مزید براں گوادر اور کریکس علاقوں میں یوم دفاع کے موقع پر کشتیوں کی ریلیوں اور کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔