• news

بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں مکمل، عثمان بزدار: بعض علاقوں میں ناقص صفائی پر برہم

لاہور(نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہبازگل نے ملاقات کی، جس میں پنجاب حکومت کی دو سالہ اچھی کارکردگی اوراس کی تشہیر پر تبادلہ خیال کیا گیا اورمیڈیا کے کارکنوں کے مسائل پر بھی بات چیت ہوئی۔شہباز گل کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ اوران کی ٹیم جلد ہی اسلام آباد کے صحافیوں کے ساتھ دو سالہ کارکردگی شیئر کرے گی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیر اعلیٰ آفس میں لوکل گورنمنٹ سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبے کے بعض علاقوں میں صفائی کی ناقص صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہروں اور قصبات میں گندگی دیکھ کر بلدیاتی عملے کا ٹس سے مس نہ ہونا افسوسناک ہے۔کام نہ کرنے والوں کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔لوکل گورنمنٹ کا عملہ اور افسران عوام کے مسائل حل کرنے میں کوتاہی نہ کریں۔صوبہ بھر میں لوکل گورنمنٹ کے فنڈز بحال کئے جا چکے ہیں جس سے گراس روٹ لیول پر ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔ صوبائی حکومت بلدیاتی الیکشن کیلئے تیاریاں مکمل کر رہی ہے،مقامی سطح کی قیادت اور اختیارات کی حقیقی معنوں میں نچلی سطح تک منتقلی سے ترقی کا ثمر لوگوں کی دہلیز تک پہنچے گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ محکمہ بلدیات کے سب انجینئر کی میرٹ پر پروموشن کا عمل تیز کیا جائے۔بلدیاتی اداروں میں بلڈنگ انسپکٹرز کی خالی آسامیوں کی بھرتی پر کارروائی جلد مکمل کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ’’بلدیہ آن لائن ایپ‘‘ کے یوزرز کی تعداد 2 لاکھ سے زائد ہونا خوش آئند ہے۔عوام گھر بیٹھے بلدیہ آن لائن ایپ کے ذریعے بلدیاتی اداروں سے متعلق شکایات بھی درج کرا سکتے ہیں۔ناخواندہ افراد کیلئے بلدیاتی دفاتر میں بھی اندراج وغیرہ کی سہولت فراہم کی جائے۔صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری قانون، سیکرٹری بلدیات، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے یومِ فضائیہ کے موقع پر اپنے پیغام میں پاکستان ایئرفورس کے شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 7ستمبر کا دن پاک فضائیہ کی تاریخ میں مثالی حیثیت رکھتا ہے۔ 7ستمبر 1965ء کا دن پاک فضائیہ کی تاریخ کا روشن باب ہے۔ 7 ستمبر کوپاکستان کے شاہینوں نے جرأت، شجاعت اور بہادری کی عظیم داستانیں رقم کیں۔پاک فصائیہ کے جانبازوں نے فضائی حدود کا دفاع کرتے ہوئے مکار دشمن کو شکست دی۔ پاک فضائیہ کے ناقابل فراموش کردارکو سنہری حروف سے دنیا کی دفاعی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ آج بھی پاک فضائیہ 1965ء والے جذبے سے سرشار اور دشمن کی ہر چال کا جواب دینے کیلئے تیار ہے۔ پاک فضائیہ نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر فروری میں بھارت کے2 جنگی طیاروں کو گرا ایک بار پھر بھرپور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہماری بہادر افواج نے پہلے بھی دشمن کے مکروہ عزائم ناکام بنائے اور آئندہ بھی بنائیں گی۔ پاکستان کی تینوں مسلح افواج پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے مالامال ہیں اور وطن عزیز کے دفاع کیلئے ہمہ وقت چوکس ہیں۔ مضبوط دفاع کے باعث وطن عزیز کی طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔

ای پیپر-دی نیشن