زندہ قوموں کی تاریخ شہداء کے خون سے رقم ہوتی ہے: پیر منور حسین جماعتی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) 6 ستمبر وطن عزیز کے جغرافیائی دفاع و استحکام کا دن ہے۔ زندہ قوموں کی تاریخ شہداء کے خون سے رقم ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار سجادہ نشین و جانشین حضرت امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ 6ستمبر کا دن ملکی تاریخ میں نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ اس دن بھارت ہماری سرحدوں پر رات کے اندھیرے میں حملہ کرکے یہ بھول گیا کہ افواج پاکستان کے جوان ملکی دفاع کیلئے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہونگے۔ ملکی سلامتی کیلئے شہداء کی قربانیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ کوئی بھی ملک پاکستان کے حوالے سے کسی بھول میں نہ رہے۔ ملکی سلامتی پر کسی قسم کی آنچ نہیں آنے دینگے۔ انہوں نے کہا کہ 1965ء کی جنگ میں بھارت کی عبرتناک شکست کے بعد پاکستان کو ناکام ریاست کا مذموم ایجنڈا رکھنے والوں نے جان لیا کہ میدان جنگ میں اس قوم کو شکست دینا ناممکن ہے۔