نشان حیدر میجر طفیل محمد شہید کے مزار پر تقریب‘ فوجی دستے کی سلامی
وہاڑی، بوریوالا،گگو منڈی (نامہ نگاران+ نمائندہ نوائے وقت) یوم دفاع کے موقع پر پاکستان آرمی کے پہلے نشان حیدر میجر طفیل محمد شہید کے مزار پر ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پاک آرمی کے چاک و چوبند دستے نے شہید کے مزار پر سلامی پیش کی اور میجر جنرل فہیم عامر (بہاولپور) بریگیڈئر اظہر سلطان (میلسی) اور کرنل اسماعیل بیگ نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی طرف سے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ علاوہ ازیں ضلع وہاڑی سے مسلم لیگ ن کے ارکان پارلیمنٹ چوہدری فقیر احمد آرائیں ایم این اے، چوہدری محمد یوسف کسیلیہ ایم پی اے، میاں ثاقب خورشید ایم پی اے، سردار خالد محمود ڈوگر ایم پی اے، چوہدری نذیر احمد آرائیں سابق ایم این اے، ملک فاروق اعوان ڈپٹی سیکرٹری پی ٹی آئی جنوبی پنجاب، شمس الدین ڈی ایس پی بورے والا تحصیل دار شاہد نواب، عبدالباری گجر ایس ایچ او گگو منڈی اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے بھی پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی۔ بورے والا میں فاتح لکشمی پور نشان حیدر میجر محمد طفیل شہید کے مزار واقع طفیل آباد میں انکے مزار پریوم دفاع پاکستان کے حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ شہید کے مزار پر تقریب کو دیکھنے کیلئے شہریوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ شہداء کو خراج تحسین کے علاوہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی، ملکی سلامتی اور استحکام کی دعا کی گئی۔ بعدازاں ڈی پی او وہاڑی احسان اللہ چوہان نے ڈی ایس پی شمس الدین کے ہمراہ مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق مزار پر شہید کی بیٹی کی طرف سے ان کے نواسہ اور بھتیجا چوہدری ضیا اختر نے بھی حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ پھول بھی چڑھائے۔ ان کے مزارپرفاتحہ خوانی کاسلسلہ سارا دن جاری رہا۔ اسی طرح کرنل سہیل عابد عباسی شہیدکے آبائی گاؤں میں ان کے اہل خانہ کی طرف سے بھی دعائیہ تقریب کا اہتمام کیاگیا جس میں ان کے اہل خانہ سمیت دیگر اہل علاقہ نے ان کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔