• news

کرپٹ لوگ اقتدار میں، مسلم لیگ ن، پی پی، پی ٹی آئی کا قبلہ واشنگٹن: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ 12 ربیع الاول حضور ﷺکی ولادت کے مبارک دن سے نظام مصطفی کے نفاذ اور سود کے خاتمے کے لیے تحریک کا آغاز کریں گے۔ حکمرانوں اور افواج پاکستان سے کہتا ہوں کہ شریعت اور نظام مصطفی کے نفاذ کے بغیر پاکستان کو محفوظ نہیں بنایا جاسکتا۔ حکمران اپنے وعدوں سے مکر کر کہتے ہیں رات گئی بات گئی۔ آئی ایم ایف کے آگے سجدہ ریز حکمران سر اٹھانے کا نام نہیں لیتے، حالانکہ آئی ایم ایف کے آگے ہاتھ پھیلانے سے خودکشی کرنا بہتر قرار دیتے تھے۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نے ایف اے ٹی ایف کے قوانین میں حکومت کا ساتھ دے کر ثابت کیا کہ امریکی جھنڈے تلے یہ سب ایک ہیں۔ ان کی محبتوں کا قبلہ آج بھی واشنگٹن اور لندن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے خیبر بازار پشاورمیں جلسہ تحفظ ختم نبوت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی امیر سینیٹر مشتاق احمد خان اور پشاور کے امیر عتیق الرحمن، مفتی امتیازمروت نے بھی خطاب کیا۔ سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی موجود تھے۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ اعلیٰ عہدوں پر بیٹھے ہوئے قادیانی پاکستان کی سا لمیت کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔ 72 سال بعد بھی پاکستان کے بائیس کروڑ عوام تحفظ ختم نبوت اور ناموس رسالت کی حفاظت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ کلمہ کے نام پر بننے والے ملک میں اگر ناموس رسالت اور صحابہ کرام کی عزت محفوظ نہیں تو یہ کیسا اسلامی ملک ہے۔ حکمرانوں نے تو پاکستان کو مدینہ کی ریاست بنانے کا وعدہ کیا تھا۔ کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمان اور مائیں بہنیں بیٹیاں پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہیں۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی امریکہ کی 86 سالہ قید میں ہے لیکن یہ ٹرمپ سے ہاتھ ملاتے ہیں مگر قوم کی بیٹی کے لیے آواز نہیں اٹھاتے۔  295-C کو ختم کرنے کے لیے کہتے ہیں کہ اس کا غلط استعمال ہوتاہے۔ حکمران بتائیں کہ وہ کس قانون کادرست استعمال کر رہے ہیں۔ یہ دشمن کے اشارے پر 295-C کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ حکومت اپنا قبلہ درست کرے اور حضور کی شان میں گستاخی کرنے والوں کو موت کی سزا دے۔ قادیانیوں کا اعلیٰ حکومتی عہدوں سے برطرف کرنا پورے پاکستانی قوم کا مطالبہ ہے قادیانیوں کو شعائر اسلام استعمال کرنے سے روکا جائے اور حکومت آئین پاکستان پر اس کی روح کے مطابق عمل درآمد کو یقینی بنائے۔ہم حکومت پاکستان سے یہ مطالبہ کرتے ہے کہ پاکستان کی عدالتوں میں 80ء کی دہائی سے زیر التواء 1586 کیس جوکہ توہین رسالت کی ضمن میں دائر کیے گئے ہیں ان کو اسلامی اصولوں کی روشنی کے مطابق اپنے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے خصوصی عدالتوں کا قیام عمل میں لایا جائے۔ ہم حکومت وقت سے یہ پرزور مطالبہ کرتے ہے کہ قادیانی کو کفر کردار تک پہنچانے والے غازی فیصل خالد اور ان کے ساتھی طفیل ضیاء ایڈووکیٹ کو باعزت رہا کیا جائے اور ان پر قائم مقدمے کو داخل دفتر کیا جائے۔ غازی فیصل خالد اور ان کے ساتھی طفیل ضیاء ایڈووکیٹ کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ تعلیمی نصاب سے ناموس رسالت اور ختم نبوت مواد کو نکالنے کی مسلسل سازشیں کی جارہی ہیں۔ کیمبرج اور آکسفورڈ اور دوسرے دین بے زار پبلشنگ ادارے جو کتب شائع کررہے ہیں دین اور ختم نبوت کے حوالے سے اس میں جان بوجھ کر بے شمار غلطیوں کا ارتکاب دانستہ کیا جارہا ہے۔ پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر رائے منظور ناصر نے بڑی تحقیق کے بعد ایسی تقریباً دوسو کتابوں کا سراغ لگایا نصاب کی کتابوں میں ایسے ہوشربا اور قابل اعتراض مواد سامنے آیا۔ اکثر آیتوں میں اعراب کی غلطیاں پائی گئیں۔ہم مطالبہ کرتے ہیں رائے منظور ناصر کو دوبارہ ایم ڈی کے عہدے پر تعینات کیا جائے۔ نصابی کتب میں بیرونی دبائو اور قادیانیوں اور آغاخانیوں کے رحم وکرم پر چھوڑنے کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ تحفظ ختم نبوت جلسہ عام کا یہ پر زور مطالبہ ہے کہ نصاب تعلیم ، نصابی کتب کو1973ء کے آئین کی حقیقی روح کے مطابق اسلام اور پاکستان کی خدمت کی سوچ کے مطابق ترتیب دیا جائے۔ سراج الحق نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ میں کرپٹ لوگ موجود ہیں ملک میں کرپشن ہے اور اقتدار میں بیٹھے لوگ کرپٹ ہیں۔ حکومت کے وزیر و مشیر کرپٹ ہیں، وزراء کو اپنے بینک اکائونٹس اور شوگر ملز میں اضافہ کرکے شرم نہیں آتی۔ پی پی، مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی ایک ہی در کے فقیر ہیں۔ ان کا قبلہ واشنگٹن ، ورلڈ بینک کے کہنے پر ایف اے ٹی ایف قوانین بنانے سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہو رہا حکمران یوٹرن کو بڑے لیڈر کی نشانی سمجھ کر جھوٹ بولتے ہیں۔ مشتاق احمد خان نے کہا کہ جس طرح 6 ستمبر یوم دفاع پاکستان ہے اسی طرح 7 ستمبر یوم دفاع عقیدہ اور ایمان ہے، عقیدہ جغرافیہ سے مقدم ہے۔ عدالت پر ایمان محبت اور عقیدت کا اظہار ہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ اور جماعت اسلامی تحفظ ختم نبوت اور تحفظ ناموس رسالت کا کارواں ہے ہم جب تک زندہ ہیں عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے کٹ مرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سویڈن ، ناروے اور فرانس میں قرآن پاک کے واقعات دنیا کو عالمی جنگ کی آگ میں جھونکنے کی سازش ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن