قصور: انتظامیہ کی غفلت ‘ ضلع بھر کی اہم شاہراہیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار
قصور (نمائندہ نوائے وقت) ضلعی انتظامیہ اور سرکاری تعمیراتی اداروں کی مبینہ غفلت اور عدم دلچسپی سے ضلع بھر کی اہم شاہراہیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار، ٹریفک حادثات معمول بن گئے۔ ضلع قصور کی اہم شاہراہیں فیروز پور روڈ، دیپالپور روڈ، رائے ونڈ روڈ،پرانا لاڑی اڈہ روڈ سمیت متعدد اہم شاہراہیں حالیہ بارشوں کے باعث ٹوٹ کا شکار ہوگئی ہیں۔ بارشوں کا پانی سڑکوں پر کھڑا رہنا معمول کی بات ہے جس کی بنیادی وجہ بلدیاتی اداروں کا پری مون سون سے قبل شاہرات سے ملحقہ نالوں کہ صفائی ناہونا بتایا جارہا ہے۔ نالیوں کی صفائی نا ہونے سے نالے گندگی اور مٹی سے بھرے پڑے ہیں ۔جس کی وجہ سے بارشوں کا پانی سڑکوں پر کھڑا رہتا ہے۔