• news

سندھ بلدیاتی حلقہ بندیاں، پی پی اعتراض پر الیکشن کمشن نے فیصلہ محفوظ 

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی نے سندھ میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کے عمل پر اعتراض اٹھاتے ہوئے مطالبہ کر دیا کہ مردم شماری کے نوٹیفکیشن کے بغیر حلقہ بندیاں نہیں ہو سکتیں۔ الیکشن کمیشن نے معاملے پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ نثار کھوڑو، فرحت اللہ بابر، تاج حیدر اور مرتضیٰ وہاب پر مشتمل وفد نے چیف الیکشن کمشنر اور کمیشن حکام سے ملاقات کی اور پیپلز پارٹی کے تحفظات سے آگاہ کیا۔ پیپلز پارٹی نے مؤقف اپنایا کہ مردم شماری کے سرکاری حتمی نوٹیفکیشن جاری ہوئے بغیر بلدیاتی حلقہ بندیاں نہیں ہو سکتیں۔ الیکشن کمیشن 31 اگست کو سندھ کی بلدیاتی حلقہ بندیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر چکا ہے جس کے تحت 9 ستمبر سے حلقہ بندیوں کے عمل کا آغاز ہونا ہے۔ پیپلز پارٹی کی درخواست پر الیکشن کمیشن فیصلہ سنائے گا کہ شیڈول جاری ہونے کے بعد حلقہ بندیوں کو جاری رکھنا ہے یا مردم شماری کے سرکاری نوٹیفکیشن کا انتظار کرنا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن