خیبر پی کے اور پنجاب کے بعد سندھ سے بھی ٹڈی دل کا خاتمہ:ترجمان
اسلام آ باد (آئی این پی ) نیشنل لوکسٹ کنٹرول سینٹر (این ایل سی سی )کے ترجمان نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب اور خیبرپی کے کے بعد اب سندھ سے بھی ٹڈی دل کا خاتمہ کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان این ایل سی سی نے ٹڈی دل آپریشن سے متعلق اپنے تازہ اعداد وشمار جاری کرتے ہوئے کہا کہ صرف بلوچستان میں ٹڈی دل موجود ہے۔ این ایل سی سی کا کہنا تھا کہ 24گھنٹے میں 2لاکھ ایک ہزار441ہیکٹرز کا سروے کیا گیا، 24 گھنٹے میں لسبیلہ میں 280 ہیکٹر رقبے پر کنٹرول آپریشن کا عمل یقینی بنایا۔ ترجمان کے مطابق گزشتہ 6 ماہ میں 11لاکھ25ہزار777ہیکٹرز پر اسپرے کیا گیا۔