• news

بچوں‘ بچیوں سے درندگی کے واقعات میں اضافہ حکومت کیلئے چیلنج ہے: سراج الحق 

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اسلام آباد میں ملائشین سفارتخانے کا دورہ کیا اور ملائشین ہائی کمشنر اکرام محمد ابراہیم سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کے مسائل پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر پر مضبوط اور جرأت مند موقف اختیار اور کشمیر کی آزادی کے لئے آواز بلند کرنے پر ملائیشیا کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ مظلوم کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے میں ملائیشیا اپنا بھر پور کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر میں باہر سے لاکر بھارت نے12 لاکھ لوگوں کو کشمیر کے رہائشی سر ٹیفکیٹ جار ی کردئیے ہیں اور وادی میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی سازشیں کر رہا ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ فلسطین کی آزادی اور افغان مسئلے کے حل کے لئے بھی ملائیشیا کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ دریں اثناء اسلام آباد میں حجاب سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے   سراج الحق نے کہا کہ عدالتوں اسمبلیوں اور اداروں کے باوجود کوئی دن ایسا نہیں گزرتا جب خواتین درندگی کا شکار نہ ہوں۔گزشتہ چند سالوں میں خواتین اور معصوم بچیوںکے ساتھ درندگی کے ہزاروں واقعات ہوئے۔ ایسا لگتا ہے کہ ملک میں کوئی قانون موجود نہیں۔ لوگوں کی عزت، جان اور مال محفوظ نہیں۔ بچوں اور بچیوں کے ساتھ درندگی کے واقعات میں اضافہ حکومت کیلئے چیلنج ہے۔ بچوں اور بچیوں کے ساتھ زیادتی کی سخت سزائیں ملنی چاہئیں۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سیمینار سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی حلقہ خواتین دردانہ صدیقی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین راہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم خود خواتین کی عظمت کے قائل تھے۔ جماعت اسلامی کا منشور ہے بچوں کے ساتھ بچیوں کو بھی برابر تعلیمی سہولیات ملیں۔ الیکشن کمیشن الیکشن لڑنے کے قانون میں ترمیم کرے۔ ایسے لوگوں کو الیکشن کیلئے نااہل قرار دیا جائے جو اپنی موروثی جائیداد میں سے بہن کا حصہ نہیں دیتے۔ خواتین کو میراث سے محروم کرنا بہت بڑا جرم ہے۔انہوں نے آئندہ قانون سازی ہونی چاہیے کہ جو والدین بچیوں کو سکول نہ بھیجیں ان کو جیل بھیجا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن