• news

ایسا ملک چاہئے جہاں جاگیردار‘ سیاستدان خدا نہ بنیں‘ سراج  الحق

جھنگ (نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن، پرویز مشرف اور پی ٹی آئی حکومت نے عوامی مسائل اور غربت میں اضافہ کیا اور اپنی جیبیں بھریں۔ جھنگ میں کارکنوں اور جلسہ عام سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ یہ تمام حکومتیں اللہ کے راستے پر نہیں بلکہ امریکی آرڈر پر چل رہی ہیں اور ایسے میں ان حکومتوں کے خلاف بغاوت کر نا ہم سب پر فرض ہے اور واجب ہے۔ ہم ایسا ملک چاہتے ہیں جس میں جاگیر دار سیاست دان اور وڈیرے خدا نہ بنیں اور عام آدمی اسمبلیوں میں پہنچیں کیوں کہ غریب لوگ اسمبلیوں میں پہنچیں گے تو غریبوں کے لئے قانون بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو حق تب ملے گا جب ملک میں اللہ کا نظام نافذ ہوگا۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ کشمیر میں اور فلسطین آج بھی کربلا کامنظر پیش کر رہے ہیں اور ہم اسرائیل کوکبھی تسلیم نہیں کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں ہانچ سالہ بچی کو زیادتی کے بعد جلایا گیا اس کی ذمہ دار حکومت ہے کیوں کہ جب تک مقتول کے قاتل گرفتار نہ ہوں حکومت قاتل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ادویات کی قیمتوں میں  پانچ سو فیصداضافہ کیا جبکہ گندم پیدا کرنے والے ملک میں آٹا مہنگا ہے اورلینڈ مافیا,چینی مافیا ,تیل مافیا سب حکومت کا حصہ ہیں۔ سراج الحق نے کہا کہ تحفظ ناموس رسالت پر جان قربان کرنے کو تیار ہیں۔اس موقع پر سابق امیدوار صوبائی اسمبلی ظہور حسین سپرا نے اپنے خاندان کے دیگر افراد کے ہمراہ جماعت اسلامی میں شمولیت بھی  اختیار کی۔

ای پیپر-دی نیشن