• news

1100 ارب پیکج مفروضہ‘ حکمران کراچی کی تباہی پر سیاست کر رہے ہیں: احسن اقبال 

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) رہنما مسلم لیگ (ن)  احسن اقبال نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت چیئرمین نیب کو بلیک میل کرکے مخالفین کیخلاف نیب گردی کر رہی ہے۔ یہ مسلسل اس کوشش میں ہیں کہ پنجاب میں بھی پولیس گردی کی جائے۔ حالیہ بارشوں میں کراچی میں تباہی  ہوئی۔ عوام کی جان و مال کا نقصان ہوا۔ حکومت کراچی کی تباہی پر بھی سیاست کر رہی ہے۔ ہمارا خیال تھا کہ حکومت تمام وسائل کراچی کو دے گی۔ وفاقی حکومت انتشار کے بیج  بو رہی ہے۔ کرونا کے دوران بھی وفاق نے سندھ حکومت کے ساتھ محاذ آرائی کی۔ وزیراعظم نے 1100 ارب کا مفروضوں پر مبنی پیکج دیا۔ پیکج میں ان منصوبوں کو شامل کیا گیا جو پہلے ہی شامل تھے۔ کے سی آر منصوبہ پہلے ہی سی پیک میں شامل ہو چکا ہے۔ جن کے گھر تباہ ہوئے ان کیلئے کسی پیکج کا اعلان نہیں کیا گیا۔ کراچی کے متاثرین کی مدد ایسے نہیں ہو گی۔ پنجاب میں تبدیل ہونے والے آئی جیز کو سلام پیش کرتا ہوں۔ پانچوں آئی جیز نے عمران خان کے ایجنڈے پر عمل کرنے سے انکار کیا۔ حکومت کی پالیسیوں سے ملک کو خطرات درپیش ہیں۔ آل پارٹیز کانفرنسن میں آئندہ کا لائحہ عمل پیش کریں گے۔ وفاقی حکومت نے کراچی کے عوام کے لیے مفروضوں پر مبنی پیکج کا اعلان کیا جس میں شامل منصوبے پہلے ہی پی ایس ڈی پی کا حصہ ہیں۔ وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت سے جو جنگ شروع کی ہے اس پر مجھے خدشہ ہے کہ اس سے سندھ کے اندر بدامنی پھیل سکتی ہے اور سندھ کا اندرونی امن خراب ہوسکتا ہے، میری دعا ہے ایسا نہ ہو۔ ففتھ جنریشن وار کے اندر فوجیں حملہ نہیں کرتیں، ہدف کے مطابق ملک کی معیشت کمزور کی جاتی ہے، ملک کو دنیا میں تنہا اور اندرونی طور پر انتشار کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ 'آج پاکستان کو اگر ہائبرڈ وار کا سامنا ہے تو دشمن کو اس ہائبرڈ وار میں کامیاب بنانے کے لیے سب سے بڑا ذریعہ عمران خان کی حکومت، ان کی انتظامی اور سیاسی پالیسیاں ہیں، جو ملک کو انتشار کی طرف دھکیل رہی ہیں'۔

ای پیپر-دی نیشن