• news

 زلفی بخاری تعیناتی کیس : ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو مکمل ریکارڈ جمع کرانے کی ہدایت

 اسلام آباد(وقائع نگار )اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامرفاروق کی عدالت نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری کی بطور چیئرمین پی ٹی ڈی سی تعیناتی کے خلاف کیس میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو مکمل ریکارڈ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

گذشتہ روز سماعت کے دوران وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان، اور ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ خالد محمودعدالت پیش ہوئے،حافظ عرفات ایڈووکیٹ نے کہاکہ وزیر اعظم نے اپنے معاون خصوصی کو چیئرمین پی ٹی ڈی سی تعینات کردیا،زلفی بخاری پہلے عارضی چیئرمین تھے اور پھر انہیں مستقل چیئرمین تعینات کیا گیا،پہلے نوٹیفکیشن جاری کرکے کہا کہ وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا اور پھر کہا وزیر اعظم نے فیصلہ کیا،وفاقی حکومت نے اب ایک نئی کمیٹی بنائی جس میں زلفی بخاری کو چیئرمین لگایا گیا،عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے کہاکہ جو کمیٹی بنائی گئی کیا وہ اصل میں نیشنل ٹوارزم کوارڈینشن بورڈ ہے ؟جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامررحمن نے کہاکہ کمیٹی کے پہلے نوٹیفکیشن کو سپر سیڈ کیا گیا جبکہ اب نیا نوٹیفکیشن جاری ہوچکا،عدالت نے کہاکہ کیا عارضی چیئرمین کو ہی چیرمین پی ٹی ڈی سی بورڈ بنایا گیا؟ٹورازم کا معاملہ وفاق کا ہے مگر 18 ویں ترمیم میں صوبوں کے پاس چلا گیا،18 ویں ترمیم میں بہت چیزیں صوبوں کو گئے جو نہیں جانا چاہیے تھے،فیڈریشن کے بغیر کچھ نہیں مگر 18 ویں ترمیم سے چیزیں صوبوں کو منتقل ہوئی،وفاقی حکومت کی پالیسی میں یہ عدالت مداخلت نہیں کرے گی،عدالت کو بتائیں کہ چیئرمین کی تعیناتی میں قانون تقاضے پورے کئے یا نہیں،10دنوں کے اندر ہی اس کیس کا تمام ریکارڈ جمع کرائیں،عدالت نے کیس کی سماعت 29 ستمبر تک ملتوی کردی۔

ای پیپر-دی نیشن