عمر شیخ نے کمانڈ کیخلاف بات کی‘ کارروائی ہونے تک کام نہیں کر سکتا تھا‘ شعیب دستگیر معافی مانگنے کو تیار ہوں: سی سی پی او
لاہور (آن لائن) سابق انسپکٹر جنرل پنجاب پو لیس شعیب دستگیر نے کہا ہے کہ سی سی پی او عمر شیخ کے خلاف نظم و ضبط کے قانون کے تحت کارروائی ہو نے تک کام نہیں کر سکتا تھا۔ سی سی پی او نے کمانڈ کے خلاف بات کر کے رولز کی خلاف ورزی کی۔ اگر قانون کے مطابق کارروائی ہو تی تو کوئی مسئلہ نہیں تھا، آئی جی تبدیل کرنا حکومت کا اختیار ہے میں اس پر مزید کوئی ردعمل نہیں دے سکتا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہو ئے انہو ںنے کہا کہ معاملہ سی سی پی او عمرشیخ کی تعیناتی کا نہیں صرف نظم و ضبط کی خلاف ورزی کا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ سی سی پی او کے بیان پر وزیراعلیٰ پنجاب کو تحفظات سے آگاہ کیا تھا۔ دوسری جانب پولیس سروس آف پاکستان چیپٹرکے اجلاس میں عمر شیخ نے کہا کہ انہوں نے آئی جی پنجاب کی کوئی حکم عدولی نہیں کی۔ پولیس افسران کے اجلاس میں کہی بات کو غلط طریقے سے آئی جی صاحب کوپہنچایا گیا۔ وہ آئی جی پنجاب سے غیرمشروط معافی مانگنے کو تیار ہیں۔ واضح رہے کہ آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور عمر شیخ کی معافی قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔