100 ارب سالانہ نہ ملنے پر قبائلی ارکان کا خیبر پی کے اسمبلی میں احتجاج‘ واک آؤٹ
پشاور (نوائے وقت رپورٹ) خیبر پی کے اسمبلی میں قبائلی اضلاع کے اراکین نے احتجاج اور واک آؤٹ کیا۔ قبائلی ارکان نے مطالبہ کیا کہ انضمام کے وقت جو وعدے کئے گئے تھے ان پر بات کرنے کی اجازت دی جائے۔ بات کرنے کا موقع نہ ملنے پر قبائلی اراکین سپیکر ڈائس کے سامنے آ گئے۔ میر کلام وزیر نے کہا کہ قبائلی اضلاع کو ہر سال 100 ارب روپے دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔ بتایا جائے قبائلی اضلاع میں کون سا پراجیکٹ شروع کیا گیا ہے۔ نثار مہمند نے کہا کہ ہمیں بات کرنے کا موقع نہیں ملے گا تو ایوان میں احجاج کروں گا۔ سپیکر نے رولنگ دی کہ جس طریقے سے اپوزیشن رکن نثار مہمند نے احتجاج کیا آئندہ ایوان سے باہر نکال دوں گا۔ قبائلی اضلاع کے اراکین ایوان سے واک آؤٹ کر گئے۔