• news

خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے: اسد قیصر

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ناگزیر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں تعینات آذربائیجان کے سفیر علی علیزادہ سے ملاقات کے دوران کیا۔ دونوں رہنماؤں میں میں دو طرفہ تعلقات سمیت خطے کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سپیکر نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین پائیدار سفارتی تعلقات استوار ہیں۔ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔دوطرفہ معاشی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کاوافر مواقع موجود ہیں۔اسد قیصر نے کہا کہ قومی اسمبلی میں قائم پاک آذربائیجان پارلیمانی دوستی گروپ پارلیمانی رابطوں میں اضافے کے لیے مناسب فورم ثابت ہو سکتا ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے اہم ایشو پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ناگزیر ہے۔ بھارتی آئین سے آرٹیکلز 370 اور 35 الف کی غیر قانونی منسوخی ریاست کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی مذموم سازش ہے۔ ان آرٹیکلز کی منسوخی کے فیصلے کے بعد مظلوم کشمیری عوام پر ایک منظم کریک ڈاؤن کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن