وزیراعظم نے سیکرٹریٹ گروپ کیڈر میں اضافی پوسٹوں کی منظوری دیدی
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت سول سروس اصلاحات سے متعلق اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے سیکرٹریٹ گروپ کے کیڈر پر اضافی پوسٹوں کی منظوری دیدی۔ زیادہ پوسٹیں میسر آنے سے سیکرٹیریٹ گروپ افسران کو ترقی پانے کے زیادہ مواقع میسر آئیں گے۔ اس حوالے سے گریڈ 21 کی مزید 15، گریڈ 20 کی 29 اور گریڈ 19 کی 44 پوسٹوں کے اضافے کی منظوری دی ہے ۔ 2015سے سیکرٹیرٹ گروپ سے تعلق رکھنے والے افسران کی ترقیوں کا عمل جمود کا شکار تھا۔ اس فیصلے سے اس گروپ کے افسران کو ترقی کے بہتر مواقع میسر آئیں۔ پاکستان ایڈمنسٹریٹیو سروس میں پی سی ایس اور پروونشل منیجمنٹ سروس سے تعلق رکھنے والے افسران کی شمولیت کے حوالے سے وزیرِ اعظم کی متعلقہ قواعد کابینہ کے سامنے پیش کرنے اور منظور کرانے کی ہدایت کر دی ہے ۔ رولز کی منظوری کے بعد مطلوبہ قابلیت رکھنے والے صوبائی سروس سے تعلق رکھنے والے افسران کی پاکستان ایڈمنسٹریٹیو سروس میں شمولیت ممکن ہو سکے گی جس طرح پاکستان پولیس سروس اور آفس منیجمنٹ گروپ میں ایسے افسران کو شامل کیا جاتا ہے۔ صوبائی سروس سے تعلق رکھنے والے افسران کی آل پاکستان سروس میں شمولیت کی راہ آسان بنانے کے عمل سے وفاق مزید مضبوط ہوگا اور ایسے افسران کو ملک بھر میں خدمات سرانجام دینے کا موقع میسر آئے گا۔ سول سروس میں قابل اور تکنیکی مہارت رکھنے والے افراد کی شمولیت کے حوالے سے وزیرِ اعظم نے تجربہ کار اور تکنیکی مہارت رکھنے والے افراد کو گریڈ انیس اور بیس میں کنٹریکٹ بنیادوں پر رکھنے کی منظوری دی ہے۔ یہ اقدام کسی کیڈر گروپ پر اثرانداز نہیں ہوگا البتہ اس سے پالیسی سازی میں وفاقی حکومت کو ماہر اور تکنیکی تجربہ رکھنے والے افراد سے تجربے سے استفادہ حاصل ہوگا