• news

زبیر عر ف جھارا پہلوان کو بچھڑے29برس بیت گئے 

 لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) فن پہلوانی کے نامور شہہ زور گاما پہلوان کے آخری چشم و چراغ زبیر عرف جھارا پہلوان کو بچھڑے 29 برس بیت گئے۔ کرونا وائرس وبا کی بنا پر اس مرتبہ جھارا پہلوان کے نام پر کوئی دنگل مقابلہ نہیں ہو سکا تاہم مرحوم کے خاندان اور دوست احباب کی جانب سے ایصال ثواب کیلئے خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ آج اس سلسلہ میں جھارا کے خاندان اور سیالکوٹ میں خصوصی قران خوانی کرائی جائے گی۔ جھارا پہلوان کا شمار بھی اپنے خاندان کے ان پہلوانوں میں ہوتا ہے جو زندگی بھر ناقابل شکست رہے۔ جھارا پہلوان نے اپنے چچا اکرم عرف اکی پہلوان کی عالمی شہرت یافتہ جاپان کے انوکی پہلوان کے ہاتھوں ہونے والی شکست کا بدلہ چکا کر اپنے خاندان کا سر فخر سے بلند کیا تھا۔ زبیر عرف جھارا پہلوان نے پہلی کشتی ملتان کے معروف پہلوانوں کے فرزند زوار حسین پہلوان کیساتھ 1975ء میں لاہور کے منٹو پارک میں لڑی۔ جھاراپہلوان نے زوار کو چند سکینڈ ہی میں چاروں شانے چت کردیا۔ اس کشتی کے بعد جھارا پہلوان نے پنجاب کے چیمپئن گوگا پہلوان گوجرانوالیہ کیساتھ کشتی لڑی، جھارا پہلوان نے انہیں بھی چاروں شانے چت کرکے یہ کشتی بھی جیت لی۔ 17جون 1979ء کوجاپان کے عالمی شہرت یافتہ انوکی پہلوان کیساتھ جھارا پہلوان نے لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں فری سٹائل انداز میں کشتی لڑی۔ اس کشتی کے کل پانچ رائونڈ ہوئے۔ چھٹے رائونڈ کے شروع ہی میں انوکی پہلوان نے جھارا پہلوان کاہاتھ اٹھا کراپنی شکست تسلیم کرلی اس طر ح جھارا پہلوان نے انوکی پہلوان کو شکست دے کر اپنے چچا اکرم عرف اکی پہلوان شیر ببر کی شکست کابدلہ لے لیا۔ اس کشتی کے بعد گوگا پہلوان چیمپئن پنجاب کے حامیوں نے گوگا پہلوان کی جھاراپہلوان کے ساتھ دوبارہ کشتی کرانے کاعزم کیا اور گوگا پہلوان کی طرف سے جھارا پہلوان کو کشتی لڑنے کاچیلنج بھی دیا گیا اور جب کشتی ہوئی تو جھارا پہلوان نے اپنے مدمقابل گوگا پہلوان کو 45سکینڈ میں چت کرکے فخر پاکستان کا اعزاز حاصل کیا۔  جھارا پہلوان نے رستم پنجاب نیاز دین عرف بھولا پہلوان گاڈی ،وسوپہلوان بلوچ رستم کہروڑ پکا، عباس پہلوان ملتانیہ رستم ہانگ کانگ اورسیفل پہلوان دادپوترہ رستم بہاولپور کوعبرتناک شکست دے کر اپنی طاقت کالوہا منوایا۔10ستمبر 1991ء کو صرف 29 سال کی عمر میں جھارا پہلوان کا انتقال ہو گیا۔ جھارا پہلوان کی بے وقت موت سے فن پہلوانی کا ایک سنہری باب ختم ہو گیا جو کہ گاما پہلوان سے شروع ہوا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن