• news

مراعات، تنخواہوں میں اضافہ کیلئے ایمپلائز گرینڈ الائنس کی ریلی، دھرنا

لاہور (سپیشل رپورٹر) پنجاب بھر کی طرح لاہور میں اساتذہ، ایپکا، سرکاری ملازمین اور پروفیسرز کی تنظیموں پر مشتمل آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس پنجاب کے زیر اہتمام سینکڑوں سرکاری ملازمین نے ٹائون ہال سے سول سیکرٹریٹ تک ریلی نکالی اور دھرنا دیا۔ ریلی کی قیادت صوبائی چیئرمین محمد سلطان مجددی نے کی۔ سول سیکرٹریٹ کے سامنے سلطان مجددی،  پروفیسر ندیم اشرفی، رانا لیاقت علی، محمد افضل، محمد فاضل، وحید مراد یوسفی، میاں سرور معراج، فیض احمد صدیقی، ناصر رحمت، طارق نیازی، چوہدری عقیل، ملک ممتاز کھوکھر، ملک اعجاز امین، حافظ مبشر، چوہدری محمد علی، جمیل آفتاب،محمد معصوم،چوہدری عبدالشکور ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ہوش کے ناخن لے۔ ملازمین کش پالیسیاں ترک کرے۔ اگر ملازمین کا معاشی استحصال بند نہ ہوا، مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں 2سو فیصد  اضافہ اور پے سکیل ریوائز نہ کئے گئے، ہائوس رینٹ، میڈیکل، اور کنوینس الائونس میں سو فیصد اضافہ نہ کیا گیا، کنٹریکٹ ملازمین و اساتذہ کو غیر مشروط مستقل نہ کیا اور ان کو تاریخ تقرری سے پے وسروس پروٹیکشن نہ دی گئی اور اگر ملازمین کی پنشن، گریجوایٹی اور سالانہ ترقی کو بند کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے گئے تو سرکاری ملازمین حکومتی مشینری کا پہیہ جام کر دیں گے۔ آئندہ احتجاج کا دائرہ پورے پنجاب میں پھیلایا جارہا ہے۔ 9ستمبر کو گوجرانوالہ، 17 ستمبر کو فیصل آباد میں احتجاجی جلسوں اور ریلیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے جبکہ اکتوبر میں وزیر اعلی ہائوس لاہور اور وزیر اعظم ہائوس اسلام آباد کا گھیراؤ کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن