موریا کیمپ میں آتشزدگی، مہاجرین کو جگہ دیں، جرمنی کا یورپی ریاستوں پر زور
ایتھنز (نیٹ نیوز)یونانی جزیرے لیسبوس پر قائم یورپ کے سب سے بڑے موریا مہاجر کیمپ میں آگ لگ گئی ہے جس کے بعد اس کے کچھ حصے کو خالی کرا لیا گیا ہے۔ ابھی تک یہ واضح نہیں کہ آتش زدگی سے لوگوں کو کوئی نقصان پہنچا ہے یا نہیں۔ اس کیمپ میں 12 ہزار سے زائد مہاجرین رہ رہے ہیں۔ادھرجرمنی نے یورپی یونین رکن ریاستوں پر زور دیا کہ وہ یونانی جزیرے لیسبوس پر واقع موریا مہاجر کیمپ میں آگ لگنے کے سبب متاثر ہونے والے مہاجرین کو اپنے ہاں جگہ دیں۔ یورپی یونین کی صدارت پر اس وقت براجمان ملک جرمنی کے وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے اپنے ایک ٹوئیٹر پیغام میں لکھا کہ یورپی کمشن اور یورپی یونین کی مدد پر آمادہ رکن ریاستوں کے ساتھ مل کر جلد از جلد یونان کی مدد کی جانا چاہیے۔ ہائیکو ماس کے مطابق اس مدد میں مہاجرین کی یورپی یونین کے رکن ان ممالک میں تقسیم بھی شامل ہے جو انہیں اپنے ہاں لینے پر تیار ہیں۔